کولمبیا کے زلزلہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی:پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے مالی امداد بھیج دی۔
مورخہ 12اگست 2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے کولمبیا میں آنے والے شدید زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لیے ابتدائی امداد کے طور پر ایک لاکھ یورو فراہم کیے ہیں۔ 10 اگست 2026کوکولمبیا کے مغربی حصے میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ متعدد عمارتیں اور گرجا گھر متاثر ہوئے جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔
پوپ لیو چہاردہم نے 12 اگست کو جنرل ایوڈینس کے دوران کولمبیا کے متاثرہ عوام کے ساتھ اپنی گہری یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے ابدی آرام، زخمیوں کی صحت یابی اور متاثرین کے اہلِ خانہ کے لیے دعا کی۔ پوپ لیونے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے تمام افراد کے لیے بھی اپنی دعاؤں کا یقین دلایا۔
پوپ لیو کی جانب سے فراہم کی گئی ایک لاکھ یورو کی امداد نیشنل سیکریٹریٹ فار سوشل پاسٹرل کیئر، کاریتاس کولمبیاکو بھیجی گئی ہے۔ کاریتاس کولمبیا کلیسیا کی جانب سے امداد جمع کرنے اور اسے متاثرہ علاقوں تک پہنچانے کے لیے مرکزی ادارے کے طور پر کام کرے گا، تاکہ امداد ضرورت مند ڈایوسیس تک پہنچائی جا سکے۔ویٹی کن کے مطابق یہ امداد متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے ابتدائی تعاون ہے۔ متاثرہ علاقوں کی ضروریات کا جائزہ لینے کے بعد مزید امداد بھی فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔پوپ لیو چہاردہم نے اس موقع پر کلیسیا کے اس کردار کو اجاگر کیا کہ وہ مصیبت کی گھڑی میں متاثرہ انسانوں کے قریب رہتی اور عملی طور پر ان کی مدد کرتی ہے۔
