لعزر کی طرح ہم بھی خُداوند کی نئی زندگی کی پکار سنیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 22مارچ 2026کوسینٹ پیٹرز اسکوائر ویٹیکن میں موجود زائرین سے خطاب کرتے ہوئے پاپائے اعظم لیوچہاردہم نے انجیل مقدس میں سے لعزر کے زندہ کیے جانے کے واقعہ پر غور کیا اور بتایا کہ یہ معجزہ ہمیں مکمل زندگی کی طرف بلاتا اور خدا کے فضل سے نئی تازگی عطا کرتا ہے تاکہ ہم محبت کی روشنی میں چل سکیں اور اُس کی بے پایاں محبت کی عکاسی کریں۔
اپنے پیغام میں پوپ لیونے کہا کہ یسوع آج بھی ہم سے وہی فرماتے ہیں جو انہوں نے لعزر کی بہن مارتھا سے کہا تھا:”میں قیامت اور زندگی ہوں۔ جو مجھ پر ایمان لاتا ہے وہ اگر مر بھی جائے تو زندہ رہے گا، اور جو کوئی زندہ ہے اور مجھ پر ایمان رکھتا ہے وہ کبھی نہیں مرے گا۔“
پوپ لیو نے کہا کہ خدا کا فضل دنیا کو روشن کرتا ہے، لیکن ہم اکثر ایسی چیزوں کے پیچھے بھاگتے ہیں جو ہمیں حقیقی خوشی نہیں دے سکتیں جیسے نئی چیزوں کی مسلسل تلاش، شہرت، مادی دولت، تفریح اور عارضی تعلقات گویا یہ ہمارے دلوں کو بھر سکتے ہیں یا ہمیں ہمیشہ زندہ رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کے اندر”لامحدود کی خواہش“موجود ہے، ایک ایسی ضرورت جو عارضی چیزوں سے پوری نہیں ہو سکتی۔ جیسا کہ مقدس اگسٹین نے لکھا:”ہم خدا کے لیے بنائے گئے ہیں اور جب تک ہم اُس میں آرام نہیں پاتے، ہمیں سکون نہیں ملتا۔“
آخر میں پوپ لیونے ہمیں ترغیب دی کہ ہم لعزر کے واقعہ سے سیکھیں اور روح القدس کی مدد سے اپنے دلوں کو اُن عادات، اثرات اور سوچ کے طریقوں سے آزاد کریں جو ہمیں خودغرضی، مادہ پرستی، اورتشدد کی قبر میں قید رکھتے ہیں۔یسوع ہمیں بھی پکارتے ہیں:باہر آؤ! ہمیں بلاتے ہیں کہ ہم اْن تنگ جگہوں سے نکلیں، اُس کے فضل سے نئے بنیں اور محبت کی روشنی میں چلیں، ایسے نئے انسان بنیں جو اْمید پھیلاتے اور دوسروں سے محبت کرتے ہیں۔
پوپ لیو نے کہا کہ ہم مقدسہ مریم سے سفارش طلب کریں تاکہ ہم اْن مقدس دنوں کو اُس کے ایمان، بھروسے اور وفاداری کے ساتھ گزاریں اور اُس کے جی اُٹھے بیٹے سے ملاقات کا شاندار تجربہ ہر روز ہماری زندگی میں تازہ ہو۔