بورویل ریچارج

پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے، مگر بڑھتی ہوئی آبادی، بے تحاشا بورویلز کی کھدائی اور بارش کے پانی کے ضیاع نے زیرِ زمین پانی کی سطح کو تیزی سے کم کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں بورویل ریچارج ایک مؤثر اور پائیدار حل کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کے ذریعے بارش کے پانی کو دوبارہ زمین میں اْتارا جاتا ہے تاکہ آبی ذخائر محفوظ رہیں۔بورویل ریچارج ایک ایسا طریقہ ہے جس میں بارش یا صاف شدہ سطحی پانی کو فلٹر کر کے موجودہ بورویل یا مخصوص ریچارج کنویں کے ذریعے زیرِ زمین پانی کے ذخائر تک پہنچایا جاتا ہے۔ اس عمل سے پانی کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے اور خشک ہوتے بورویل دوبارہ قابلِ استعمال بن سکتے ہیں۔
شہری علاقوں میں کنکریٹ کی سڑکیں اور عمارتیں بارش کے پانی کو زمین میں جذب ہونے سے روکتی ہیں، جس کے نتیجے میں پانی بہہ کر ضائع ہو جاتا ہے۔ دیہی علاقوں میں بھی حد سے زیادہ پانی نکالنے کے باعث آبی توازن بگڑ گیا ہے۔ بورویل ریچارج اس ضیاع کو کم کرتا ہے اور قدرتی آبی چکر کو بحال کرنے میں مدد دیتا ہے۔
بورویل ریچارج کے بہت سے فوائدہیں۔یعنی
٭ زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ
٭ خشک یا نیم خشک بورویلز کی بحالی
٭پینے اور آبپاشی کے لیے پانی کی دستیابی
٭بارش کے پانی کے ضیاع میں کمی
٭طویل المدتی اور کم خرچ حل
اس عمل میں چھتوں، سڑکوں یا کھلے میدانوں سے جمع ہونے والے بارش کے پانی کو پہلے فلٹر کیا جاتا ہے تاکہ مٹی، کچرا اور آلودگی دور ہو جائے۔ بعد ازاں یہ صاف پانی پائپ کے ذریعے بورویل یا ریچارج کنویں میں ڈالا جاتا ہے، جہاں سے یہ آہستہ آہستہ زیرِ زمین تہوں میں جذب ہو جاتا ہے۔
بورویل ریچارج کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت، بلدیاتی اداروں اور عوام سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ نئے تعمیراتی منصوبوں میں ریچارج سسٹم کی شمولیت، آگاہی مہمات اور مقامی سطح پر اقدامات اس سلسلے میں نہایت اہم ہیں۔بورویل ریچارج نہ صرف پانی کے بحران کا عملی حل ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے آبی وسائل کے تحفظ کی ضمانت بھی ہے۔ اگر ہم آج بارش کے ہر قطرے کی قدر کریں اور اسے زمین میں محفوظ کریں تو کل پانی کی کمی جیسے سنگین مسئلے سے بچا جا سکتا ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail