یروشلیم کا مقدس سرِل(معلمِ کلیسیا)
آپ یروشلیم میں پیدا ہوئے اور مذہبی تعلیم پانے اور کاہن مقرر ہونے کے بعد آپ نے اپنے آپ کو بڑی جانفشانی سے مسیحیت کے متلاشیوں کو بپتسمہ کے ساکرامنٹ کی تعلیم دینے کے لیے وقف کر دیا۔آپ اپنے 24 مذہبی تعلیم کے اسباق کے لیے بہت مشہور ہیں۔ جنہیں آپ کے ایک ہونہار شاگرد نے قلم بند کیا۔ علم الہیات کے موضوعات اور دیگر تحریروں کی بنیاد پر آپ کو معلمِ کلیسیا کا درجہ دیا گیا۔ یروشلیم جیسے تاریخی شہر کا بشپ ہونے کی وجہ سے آپ کو خاص مقام حاصل تھا۔ تاہم کچھ بشپ صاحبان آپ سے مختلف امور پر اختلاف رکھتے تھے اور اِسی سبب سے آپ کو بہت بار جلا وطن کیا گیا۔ تاہم آپ نے اپنی زندگی کے آخری آٹھ سال یروشلیم میں بسر کیے۔سن 381 میں آپ نے قسطنطینیہ کی دوسری مجلسِ عامہ میں شرکت کی اور اِسی میں نقائیہ کے عقیدہ کو باقاعدہ تسلیم کیا گیا۔آپ نے اْن لوگوں کی غلط فہمیوں کا بھی بھرپور جواب دیا جو کہ خداوند یسوع کی الوہیت اور روح القدس کے منکر تھے۔ اور بالآخر آپ نے سن 386 میں وفات پائی۔
اے خْداوند خْدا!تْونے مقدس سرِل کے ذریعے ایمان کی گہرائی اورسچائی کی وضاحت فرمائی۔ ہمیں یہ فضل دے کہ ہم بھی اپنے ایمان کو اچھی طرح سے سمجھیں اور اْس کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کریں۔آمین