مقدس فیلبوس اور مقدس یعقوب

 ان دونوں رسولوں کی عید چھٹی صدی سے منائی جا رہی ہے۔ پہلے پہلے عید یکم مئی کو اْس با سیلقا کی یاد میں منائی جاتی تھیں جہاں ان دونوں رسولوں کے تبرکاتِ عضو محفوظ ہیں۔
مقدس فیلبوس بعض دفعہ دوسرے ہم نام سے میل کھاتا ہے جوشماس تھا جس کا ذکر رسولوں کے اعمال میں ملتا ہے۔ آپ کے بیتِ صدا میں پیدا ہوئے۔ مقدس یوحنا کی انجیل میں آپ کا ذکر بار بار آتا ہے یہیں سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ مقدس پطرس اور اندریاس کو بلانے کے بعد دوسرے روز مسیح خداوندنے آپ کو بھی بلایا اور آپ نے فورا ًاس کا جواب دیا اور قبول کر لیا کہ یسوع ہی درحقیقت مسیحا ہے۔بلکہ آپ اپنے دوست نتھانی ایل کے پاس یہ خبر لے کر گئے اور اْس سے کہا کہ وہ جس کا ذکر موسیٰ اور انبیا کرتے ہیں آپ نے اسے پا لیا ہے۔ پانچ روٹیاں اور دو مچھلیوں کے معجزے کے وقت بھی یسوع نے آپ ہی کو مخاطب کرکے انتظام کرنے کو کہا۔آخری کھانے کے وقت بھی خداوندنے آپ ہی کو کہا کہ جس نے مجھے دیکھا اس نے باپ کو دیکھا۔ آپ نے فروجیہ اور یونان میں انجیل کی منادی کی اور ہیرا پولس میں شہادت پائی اور وہیں دفن کیے گئے۔بعد ازاں آپ کے جسدِ خاکی پر مبنی تبرکات روم میں لائے گئے۔
مقدس یعقوب رسول کو کلام مقدس میں حلفائی کا بیٹا اور خداوند کا بھائی کہا گیا ہے۔جب آپ یروشلیم کی  کلیسیا کے سربراہ بنے تو آپ کو یعقوب الصدیق کا لقب دیا گیا۔یروشیلم کی مجلس میں جب یہ بات زیر بحث تھی کہ غیر قوموں کو یہودی دستور اپنانا ضروری ہے یا نہیں تو آپ
 نے مقدس پطرس کے حق میں فیصلہ دیا جو اس بات کے حامی تھے کہ غیر قوم براہ راست مسیحت قبول کر سکتے ہیں۔ آپ کی اپنی تعلیم کے سبب بہت سارے فقہی اور فریسی ایمان لائے۔ اسی وجہ سے آپ کی مخالفت کی جاتی تھی۔ ایک بار آپ کوہیکل  کے کنگرے سے نیچے گرا دیا گیا تاہم آپ معجزاتی طور پر ہلاک نہ ہوئے۔ پھر سن 62 میں آپ کو سنگسار کیا گیا اور بالآخر میں سر پر کاری ضرب لگا کر شہید کر دیا گیا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail