مقدس جان کرزاسٹم (معلمِ کلیسیا)
مقدس جان کرزاسٹم 344 میں انطاکیہ کے مقام پر ایک مسیحی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ بچپن ہی میں آپ کے والد کا انتقال ہو گیا اور اس طرح آپ کی تعلیم و تربیت کی ساری ذمہ داریاں آپ کی والدہ پر آن پڑی۔ آپ کی والدہ نہایت ہی پرہیزگار اور خدا پرست خاتون تھی۔ آپ نے عام تعلیم کے ساتھ ساتھ علمِ خطابت کی باقاعدہ تربیت اْس وقت کے نامور خطیبوں سے حاصل کی۔کچھ عرصے کے لیے روحانی زندگی اختیار کرنے کے لیے آپ نے جنگلوں اور پہاڑوں کا رْخ کیا لیکن ناساز طبیعت کی وجہ سے آپ واپس لوٹ آئے۔ آپ کاہن بنے اور بڑی محنت کے ساتھ خداوند کا پیغام سنانے لگ گئے۔ آپ کے الفاظ اس قدر سادہ مگرمتاثر کن ہوتے کہ لوگوں کے دلوں اور ذہنوں میں سما جاتے تھے۔ آپ کی اسی لیاقت کی وجہ سے آپ کو کرزاسٹم یعنی ”کندن دہن“ کا لقب دیا گیا۔ بعد ازاں آپ کو قسطنطنیہ کا بشب مقرر کر دیا گیا۔
یہ دَور سیاسی طور پر کلیسیا کے لیے مشکل وقت تھا۔ اس لیے آپ کو اپنوں اور غیروں کے ہاتھوں بہت ساری مشکلات اور دکھ سہنے پڑے۔ آپ اکثر امیروں کو نصیحت کرتے تھے کہ وہ اپنا مال و دولت غریبوں کے ساتھ بھی بانٹیں۔آپ نے کاہنوں، راہبوں اور راہبات کی زندگی کی تجدید کے کام بھی شروع کیے۔ آپ عبادات اور مذہبی رسومات میں خاطر خواہ تبدیلیاں لائے۔آپ لوگوں کو ازدواجی زندگی میں وفادار رہنے کی تلقین کرتے نیز امن و انصاف،بھائی چارے اور بھلائی کے کاموں کو فروغ دیتے رہے۔ ان تمام باتوں کے باوجود صاحب اختیار و حیثیت آپ سے نفرت کرتے اور حسد رکھتے تھے۔ دو بار آپ کو مخصوص حالات کی بنا پر جلا وطن کر دیا گیا۔ اسی طرح ایک بار جب آپ جلاوطنی کے سفر میں تھے تو آپ راستے میں ہی لبوں پر یہ الفاظ لیے ہوئے کہ”خدا کو سب چیزوں کے لیے جلال حاصل ہو“۔ آمین اسی دوران آپ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔مقدس جان کر رزاسٹم کی عید 13 ستمبر کو منائی جاتی ہے۔
اے قادر مطلق خدا! تْو اپنے پیغام کو دوسروں تک پہنچانے کے لیے اپنے بندے اور بندیوں کو کثرت سے استعمال کرتا ہے۔ اپنی مہربانی سے مقدس جان کرزاسٹم کی دعاؤں کے وسیلے سے ہمیں بھی موثر واعظین عطا کر اور یہ فضل بھی دے کہ ہم اْن کی تعلیمات کے موجب عملی طور پر اچھے مسیحی ہونے کا ثبوت دے سکیں۔ آمین
اے مقدس جان کرزاسٹم ہمارے واسطے دْعا کر!