مقدسہ ہیڈویج (دْعا گو اور پرہیز گارخاتون)

مقدسہ ہیڈویج 1174 میں ایک شاہی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ آپ کے قریبی رشتہ داروں میں سے بھی چند افراد مقدسین کا درجہ پا چکے تھے۔بچپن ہی سے آپ نہایت دْعا گو اور پرہیزگار تھیں۔ آپ کی تعلیم و تربیت ایک بیناڈکٹن راہب خانے میں ہوئی۔ وہیں سے آپ نے کلام مقدس کا مطالعہ اور عقیدت کرنا شروع کیا۔ 12 برس کی عمر میں آپ کے والدین نے آپ کی شادی پولینڈ کے ایک شہزادے سے کر دی۔ اب آپ گھریلو خدمت اور کاموں کے ساتھ ساتھ خداوند کی بندگی اور خدمت میں اور زیادہ مشغول ہو گئیں۔خدا نے آپ کو سات خوبصورت بچوں سے نوازا۔ اپنے خاوند کی وفات کے بعد خداوند کی ہدایت کے مطابق آپ نے مکمل مذہبی زندگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ آپ اْسی راہب خانے میں داخل ہو گئی جہاں آپ کی اپنی بیٹی صدر راہبہ تھی۔ بے شک آپ خود راہبہ تو نہ بنی لیکن آپ سادگی،حلیمی اور محنت سے کام کرنے کا ایک اچھا نمونہ تھی۔ آپ بالخصوص غریبوں کی امداد کرتی تھیں۔ خداوند کی طرف سے آپ کو معجزات کی قدرت بھی حاصل تھی۔آپ اکتوبر 1243 میں اس جہاں سے رحلت کر گئیں۔
 اے قدوس اور مہربان خداوند خدا!تو ہم انسانوں کو خاندانوں میں رکھتا ہے اور انہی افراد سے تو کچھ کو یہ فضل دیتا ہے کہ وہ اپنی زندگی اور کاموں سے تیرے نام کو جلال دیں۔ عطا کر کہ مقدسہ ہیڈ یج کی سفارشوں کی بدولت ہمارے خاندانوں میں سے بھی نیک اور پاکیزہ زندگی بسر کرنے کے خواہش مند افراد منظر عام پر آئیں۔ آمین
اے مقدسہ ہیڈ یج۔۔۔ہمارے واسطے دْعا کر! 

Daily Program

Livesteam thumbnail