مقدسہ پر پیتوا اور فِلستی
مقدسہ پر پیتوا اور فِلستی شمالی افریقہ کے شہر کی یہ دو عظیم خواتین شہداہیں۔ آپ کے ساتھ دیگر اورساتھی بھی مسیحیوں سے نفرت کا نشانہ بن کر شہید ہوئے۔ مقدس پر پیتوا کارتھیج کی قابلِ تعظیم خاتون تھی۔ جب آپ گرفتار ہوئی تو اْس وقت آپ کی عمر 22 سال تھی اور آپ ایک خوبصورت بیٹے کی ماں تھیں۔ جبکہ فلِستی ایک غلام خاتون تھیں اور انہی دِنوں آپ اْمید سے تھیں۔ آپ دونوں کو بمعہ آپ کے ساتھیوں کے ایک مبشرِ انجیل نے مسیحیت میں شامل کیا تھا۔ جس نے خود بھی رضاکارانہ طور پر اپنے آپ کو آزمائش کے وقت آپ کے ساتھ ہی قید ہونے کے لیے پیش کر دیا۔آپ سب کا جرم یہ تھا کہ آپ دوسرے معبودوں کی پرستش کے انکاری تھے۔ مقدس پر پیتوا نے اپنے بچے کو اپنے والد کو دے دیا جو کہ ابھی تک غیر مسیحی تھا۔ والد کی منت سماجت کرنے کے باوجود آپ اپنے ایمان سے ہرگز نہ پھیریں۔مقدسہ فِلستی نے قید خانے میں ہی اپنے بچے کو جنم دیا۔ جب ظالموں نے آپ سے آپ کا بچہ چھین لیا تب بھی آپ اپنے ایمان میں نہ ڈگمگائیں۔سن 206 میں آپ دونوں کو درندوں کے سامنے ڈال دیا گیا۔جنہوں نے آپ کو بے حال کر دیا اور آخر کار آپ کا سر قلم کر کے شہید کر دیا گیا۔
اے خْداوند خْدا!تیری محبت سے سرشار ہو کر مقدسہ پرپیتوا اور فِلستی اِس قابل ہوئیں کہ ایمان کی خاطر سارے دْکھ برداشت کر جائیں بلکہ اپنی جان تک تجھے نذر کر دیں۔ ہمیں بھی یہ قوت دے کہ ہم ہر حال میں تیرے وفادار رہیں۔ آمین