مقدسہ آگاتھا (کنواری شہیدہ)
مقدسہ آگا تھا سِسلی کی ایک خوبصورت مسیحی دوشیزہ تھی۔جب وہاں کے گورنر کو آپ کی خوبصورتی کا علم ہوا تو اْس نے آپ کو اپنے محل میں طلب کیا۔جب اْس نے اپنی مذموم آرز ؤں کو پورا کرنا چاہا تو آپ نے بڑی جرات کے ساتھ انکار کر دیا۔ ایسے میں آپ دْعا کرتی تھیں کہ اے خداوند یسوع مسیح تْو میرے دِل اور خیالات کو جانتاہے۔میں ہمیشہ تیری رہنا چاہتی ہوں اس لئے مجھے اس ظالم اور شیطان صفت آدمی سے بچا اور مجھے اس پر فتح بخش۔ آپ کو ایک لمبے عرصے تک ایک بدکار عورت کے ساتھ رکھا گیا تاکہ وہ آپ کی خیالات کو بدل سکے تاہم وہ اس میں ناکام رہی۔جب گورنر نے دیکھا کہ آپ نے اس کی بات نہیں مانی تو آپ کو کوڑے مارے گئے۔بے حد اذیتیں پہنچائی گئی۔ایک دن جب ایذار سانی کے بعد آپ کو قید خانے میں واپس لایا گیا تو آپ نے دْعا مانگی کہ اے میرے خالق خدا تو نے بچپن سے میری حفاظت کی ہے۔ تو نے مجھے اپنی محبت کی خاطر یہ قوت بخشی ہے کہ میں تیرے نام پر ہر دْکھ سہہ جاؤں۔اب میری روح کو قبول کر اور یہ کہہ کر آپ نے جان دے دی۔
اے خداوند خدا!مقدسہ آگاتھا نے ہر لحاظ سے تیری مرضی پوری کی اور پاکیزہ زندگی بسر کی یہاں تک کہ اْس نے شہید ہونا قبول کیا۔ ہمارے گناہوں کو معاف کر اور ہمیں اپنا فضل بخش تاکہ ہم بھی پاک زندگی بسر کریں۔آمین