عورتوں میں مبارک اور موروثی گناہ سے مبرا

روایت کے مطابق عام طور پر مقدسین کے جنم دن نہیں منائے جاتے بلکہ ان کی وفات کے دنوں کو یاد کیا جاتا ہے کیونکہ وہ ابدی زندگی کے لیے جنم لے لیتے ہیں لیکن مقدسہ مریم کا جنم دن منانا نہایت ہی مناسب ہے۔کیونکہ آج سے صدیوں سال پہلے خْدا نے ہمارے پہلے والدین(اماں حوا اور بابا آدم)کو اْس وقت المسیح کی دنیا میں آمد کی نوید سنائی۔جب وہ گناہ کر کے باغ ِعدن کے دروازوں سے باہر قدم رکھ رہے تھے۔”میں تیرے اور عورت کے درمیان عداوت ڈالوں گا بلکہ تیری نسل اور عورت کی نسل کے درمیان۔ وہ تیرے سر کو کچلے گی۔ اور تْو اْس کی ایڑی کی تاک میں رہے گا“۔(تکوین 15:3)
صدیوں تک بنی اسرائیل نے اس الہی وعدے کی اْمید کو زندہ رکھا جو داؤد کے گھرانے سے ایک کنواری کے گرد گھومتی تھی۔ نسل در نسل عقیدت مند اور سرگرم اسرائیلی مسیحا کی ماں کی پیدائش کے انتظار میں انکھیں فرش راہ پر بچھائے انتظار کرتے رہے۔
بابل کی اسیری کے بعد اسرائیل میں اس کنواری سے مسیحا کی پیدائش کے انتظار میں شدت اور تیزی آگئی۔لیکن خداوند کی آمد سے پہلے یعنی امن کے بادشاہ کو دنیا میں لانے والی ہستی کا انتخاب کرنا اور اسے کسی عظیم ماں کے شکم میں ڈالنا تھا۔خدا کو اس مقصد کے لیے بڑی احتیاط اور غور و فکر سے کام لینا پڑا اور اس کیلئے خْدا نے مقدسہ حنہ اور مقدس یویاقیم کو چْنا۔ مقدس یویاقیم اور اْن کی بیوی حنہ اپنے ہاں اولاد کے نہ ہونے پر بڑے افسردہ اور پریشان تھے۔انہوں نے اپنی زندگی کے لمحات کو بہت حد تک پْرجوش دْعا اور روزے کے لیے وقف کر دیا۔اور وہ یہ سوچتے تھے کہ شاید خدا ہم سے ناراض ہے اس لیے وہ کسی بچے کو جنم دینے کے قابل نہیں۔اس لئے مقدسہ حنہ گھر پہ اور مقدس یویاقیم باہر ویرانوں میں دْعا کیلئے چلے گئے۔ اور خْدا نے اْن کی دْعاؤں کے پھول کھلانے شروع کر دیے۔ایک دن مقدسہ حنہ پر ایک فرشتے کا
ظہور ہوا اور اْس نے اْن سے کہا کہ تمام نسلیں مستقبل میں ان کے ہاں پیدا ہونے والی اولاد کی عزت و تکریم کریں گی۔فرشتے نے مزیدکہا خداوند نے تمہاری دْعاؤں کو سن لیا ہے اور اے حنہ تو حاملہ ہو گئی اور تیری نسل کا نام ساری دنیا کے ہونٹوں پر ہوگا۔یقیناًمقدسہ مریم کی پیدائش بھی معجزانہ طور پر ہوئی۔نیز مقدسہ مریم کی پیدائش کی خبر مقدسہ حنہ اور مقدس یویاقیم کو 40دن روزے اور ریاضت کے بعد ملی تھی۔ یوں ہماری دنیا کی دہلیز پر اْس مقدس خاتون یعنی مقدسہ مریم نے قدم رکھا جو پاک،بے داغ کنواری،تمام عورتوں میں مبارک اور سرفراز مخلوقات میں خدا کو سب سے پیاری، نیاری اور اصلی یعنی موروثی گناہ سے مبرا تھی۔اس لئے کہا جاتا ہے کہ اس دْنیا میں مقدسہ مریم واحد ایسی ہستی ہے جس میں کوئی داغ نہیں اور یسوع مسیح وہ ہستی ہے جس میں کوئی دھبا نہیں۔
 کوئی اس امر سے اگاہ نہیں تھا کہ ستمبر کے ماہ میں کیا ہونے والا ہے۔ صرف آسمان پر خدا کے فرشتے باخبر تھے کہ زمین پر بہت بڑا بھید کھِلنے اور کْھلنے والا ہے۔
 مقدسہ مریم کی پیدائش کے بعد مقدسہ حنہ نے اپنی شیر خوار بچی کے کمرے میں ایک قربان گاہ بنائی اور اس بچی کی مخصوص پاکیزگی کیلئے اس قربان گاہ پر کبھی کوئی عمومی یا ناپاک چیز نہ چڑھائی۔ جب یہ بچی یعنی مقدسہ مریم ایک سال کی ہوئیں تو اْن کے باپ نے بڑی ضیافت منائی اور کاہنوں، فقیوں، بزرگوں اور اسرائیل کے تمام لوگوں کو مدعو کیا اور کہا جاتا ہے کہ یویا قیم اس بچی کو کاہنوں کے پاس لایا تو انہوں نے یہ کہتے ہوئے اسے برکت دی کہ اے ہمارے آباء کے خدا! اس بچی کو برکت دے اس کے نام کو تمام نسلوں میں قائم رکھنے کے لیے ایک ابدی نام عطا کر۔ پھر سردار کاہنوں نے یہ کہہ کر اس بچی کو برکت دی کہ اے حق تعالیٰ اس بچی پر اپنی نگاہ ِکرم کر اور اس کو بہت بھاری برکت سے نواز۔ایسی برکت جو ہمیشہ تک قائم رہے۔ ہیکل کے کاہنوں کے ساتھ مل کر اس بچی کے والدین نے بعد میں یہ فیصلہ کیا کہ اسے بقیہ زندگی کے لیے کنواری کے طور پر مخصوص کر کے ہیکل میں نذر کر دیا جائے۔ مقدسہ مریم کا جنم دن اس لیے منایا جاتا ہے کہ یہ عظیم اور پْرفضل ذات اس دن دنیا میں تشریف لائی اور یہ کہ آپ خداوند یسوع مسیح کی ماں ہیں۔جب آپ پیدا ہوئی تو فرشتوں کا لشکر آسمان سے اْتر کر، آپ کے اِرد گرِد آگیا۔یوں لگ رہا تھا جیسے آپ کی پیدائش پر نئی دنیا نے جنم لیا۔آپ اپنے ساتھ دنیا کے لیے خوشی اور سلامتی کی نوید لائیں اور یہ پیغام بھی کہ جلد آپ کی ذاتِ اقدس سے آفتابِ صداقت طلوع ہوگا۔
 اس لیے آج بھی یہ کہا جاتا ہے کہ آپ کے پاس یسوع ہے اور جو آپ کی عزت اور تعظیم کرتا ہے وہ خداوند یسوع مسیح کے دل کے قریب ہے۔
 اے قادر مطلق اور مہربان خدا!ہم تیرا شکر ادا کرتے ہیں کہ تو نے ہماری نجات اور ابدی حیات کے لیے مقدسہ مریم ہماری ماں کو ابتدا سے ہی چن لیا۔ عطا کر کے اس کی سفارشوں اور دْعاؤں کی بدولت ہم ہر آزمائش اور گناہ سے اور شیطانی ہتھکنڈوں سے محفوظ رہیں۔ اس سے خصوصی عقیدت رکھیں اور اسی کے ذریعے مسیح خداوند میں روز بروز گہرے ہوتے جائیں۔ آمین
آپ سبھی کو مقدسہ مریم کی پیدائش کی عید بہت بہت مبارک ہو!
 

Daily Program

Livesteam thumbnail