سینا کی مقدسہ کیتھرین

سینا کی مقدسہ کیتھرین اٹلی کے مقام سینا میں پیدا ہوئیں۔ آپ اپنے 25 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ شروع ہی سے آپ دْعائیہ زندگی کی طرف راغب تھی۔ جب آپ چھ برس کی تھی تو آپ کو مسیح خْداوند کی رویا ہوئی۔ جب آپ جوان ہوئی تو آپ کی والدہ یہ کوشش کرنے لگی کہ آپ کی شادی کر دی جائے لیکن آپ نے اس سے انکار کیا۔ پندرہ سال کی عمر میں آپ نے مقدس دومینک کی ایک جماعت میں شمولیت اختیار کرلی۔ آپ گھر میں رہتے ہوئے خدمت اور بھلائی کے کاموں میں خاصا وقت گزارتیں۔ رفتہ رفتہ آپ مذہبی رجحان کے ساتھ ساتھ سیاسی سوجھ بوجھ میں بڑھتی گئیں۔یہ وہ وقت جب کلیسیا میں انتشار، پھوٹ اور غلط فہمیاں عروج پر تھیں۔ اس بحرانی دور میں آپ کی پہلی فکر اور کوشش یہ تھی کہ آپ کلیسیا میں تبدیلی لائیں۔ حتٰی کہ کاہنوں کی طرزِ زندگی میں بھی تبدیلی کریں اور پاپائے اعظم جو اْس وقت مخصوص حالات کی بناء پر فرانس میں مقیم تھے اْن کو واپس اْن کی گدی نشینی کی اصل جگہ روم میں لائیں۔ جب لوگوں کو آپ کے منصوبہ جات کا علم ہوا تو وہ آپ کے ساتھ شامل ہوتے گئے۔ آپ اپنے مشن کو عام کرنے کے لیے ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتی رہیں۔ آپ کے اس کام کو دیکھتے ہوئے 1374میں دومنیکن جماعت کے بڑے رہبروں نے آپ کو طلب کیا تا کہ جان سکیں کہ آپ کے منصوبہ جات اور کام کی اصل نوعیت کیا ہے؟ ایک برادر کو آپ کی رہنمائی اور مدد گار کے طور پر مقرر کیا گیا۔ آپ اپنی کوشش میں بڑی حد تک کامیاب رہی اور پاپائے اعظم واپس روم لوٹ آئے جو کہ ہماری کلیسیائی تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے۔ آپ علم الہیات میں کافی گہرائی و دانشمندی رکھتی تھیں۔ آپ کی تصانیف قابل تعریف ہیں۔
 جن میں مکالمہ نامی کتاب خاصی مشہور ہے۔ آپ کو خداوند کی طرف سے بے شمار روحانی فضائل کے ساتھ معجزات کرنے کی قوت بھی حاصل تھی۔ آپ نے اپنی زندگی کے تمام ایام روم میں بسر کئے اور وہیں پر 29اپریل1380 میں 33سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔کلیسیا ہر سال آپ کی عید 29اپریل کو مناتی ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail