کیتھولک بائبل کمیشن پاکستان کا سالانہ جنرل اجلاس اور گریجویشن کی تقریب کا انعقاد

مورخہ 4 نومبر 2025 کو آصف ٹاؤن لاہور میں کیتھولک بائبل کمیشن پاکستان (CBCP) کی  سالانہ جنرل میٹنگ 2025اور اسٹڈیز اِن بائیبیکل سائنسز (SBS) کی ڈگری مکمل کرنے والوں کیلئے گریجویشن کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز یوخرستی عبادت سے ہوا جس کی قیادت عزت مآب بشپ اندریاس رحمت(بشپ آف فیصل آباد) نے فرمائی جبکہ اْن کی معاونت ریورنڈ فادر پاسکل پولوس(او۔پی) دومنیکن جماعت کے وائس پرونشل اور ریورنڈ فادر اعجاز بشیر(او۔ایف۔ایم کیپ)کیپوچن جماعت کے سردارِاعلیٰ نے کی۔عزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے اپنے وعظ میں کہا کہ خدا کا کلام زندہ اور متحرک ہے، جو ہماری زندگیوں کو روشنی بخشتا اور نجات کی راہ دکھاتا ہے۔انہوں نے طلبہ، کاہن صاحبان اور اْساتذہ کو نصیحت کی کہ وہ کلامِ مقدس کے ذریعے ایمان میں مضبوط بنیں اور خدا کی محبت کو دوسروں تک پہنچائیں۔
پاک ماس کے بعد سالانہ جنرل اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر سے کیتھولک بائبل کمیشن پاکستان  کے اراکین، مختلف ڈایوسیز کے نمائندگان، اور Biblical علوم سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں ریورنڈ فادر جوزف شہزاد (کیتھولک بائیبل کمشن پاکستان ایگزیکٹو سیکریٹری) نے گزشتہ سال2024 کی رپورٹ پیش کی۔نیز سارے سال کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، آئندہ منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا اور بائبل مقدس کی تعلیم کو مزید فروغ دینے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔
ریورنڈ فادر فادر عمانیوئیل عاصی نے نئی اْردو ریفرنس بائبل کے بارے میں شرکاء کو بتایا اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ریفرنس بائبل میں اہم حوالہ جات، تشریحات اور موضوعاتی وضاحتیں شامل کی گئی ہیں تاکہ کلام مقدس کا قاری نہ صرف آیات کو پڑھے بلکہ اُن کے پس منظر اور ربط کو بھی سمجھ سکے۔اْن کا کہنا تھا کہ”بائبل صرف پڑھنے کی کتاب نہیں بلکہ زندگی کو بدل دینے والا خدا کا زندہ کلام ہے“۔انہوں نے زور دیا کہ اس نئی ریفرنس بائبل کے ذریعے کلیسیا، معلمین، اور عام مومنین سب خدا کے کلام کو بہتر طور پر سمجھیں گے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ کیتھولک بائیبل کمیشن کی یہ کاوش پاکستان میں بائبل کی تعلیم اور مطالعے کے فروغ میں ایک تاریخی قدم ہے۔
ریورنڈ فادر پاسکل پولوس(او۔پی) نے کہا کہ خدا کا کلام ہر زبان اور ہر دل تک پہنچنا چاہیے اور کیتھولک بائیبل کمشن پاکستان کی یہ کاوش اس مشن کی ایک عملی مثال ہے نیز یہ کام پاکستان کے مسیحیوں کے لیے”روشنی کا نیا چراغ“ہے۔
ریورنڈ فادر اعجاز بشیر(او۔ایف۔ایم کیپ) نے اپنے خیالات کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ نئی ریفرنس بائبل مقدس ہمیں اس کے مطلب اور روحانی پیغام کو بہتر سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ انہوں نے کیتھولک بائیبل کمشن پاکستان اور فادر عمانیوئیل عاصی کی اس علمی و روحانی کاوش کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے دوسرے حصے میں عزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے اپنے دستِ مبارک سے اسٹڈیز اِن بائبلیکل سائنسز (SBS) کے فارغ التحصیل طلبہ کو ڈگریاں اور اسناد دیں۔ تقریب کے آخر میں ریورنڈفادر جوزف شہزاد نے اظہار تشکر پیش کیا۔ 
یادرہے اس تقریب میں کیتھولک بائیبل کمشن کی تین نئی کتابوں کی رونمائی بھی کی گئی۔

Daily Program

Livesteam thumbnail