سوکھیکی منڈی،مریم آباد میں نئے تعمیر شدہ چرچ مقدس توما رسول کا گرجا گھر، کی رسم تقدیس
مورخہ 8اگست2025کو فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس (اپوسٹولک ایڈمنسٹریٹرآرچ ڈایوسیس آف لاہور)نے اپنے دست ِ مبارک سے سوکھیکی منڈی،مریم آباد میں نئے تعمیر شدہ چرچ مقدس توما رسول کا گرجا گھر، کی رسم تقدیس ادا کی۔
اس موقع پرمومنین نے فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس، کا پُر تپاک استقبال کیا۔پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور بشپ جی کو روایتی پگڑی اور مالا پہنائی گئی۔ بشپ جی نے فیتہ کاٹا اور گرجا گھر کی چابی ریورنڈ فادر طارق جارج کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم ذمہ داری آپ کو سونپی جاتی ہے تاکہ آپ مومنین کے ساتھ ملکر نا صرف اس چرچ کی حفاظت کریں بلکہ خدا کے گھرکی بدولت یہاں کے باسیوں کی روحانی آبیاری بھی ہو۔اس بابرکت موقع پرپاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس جبکہ معاونت ریورنڈ فادر طارق جارج،ریکٹر مریم آباد اور ریورنڈ فادر یاسر راج،پیرش پریسٹ سینٹ ٹریضہ پیرش۔شیخوپورہ نے فرمائی۔
دورانِ وعظ بشپ صاحب نے مومنین کو نئے گرجا گھر کی مبارک باددی اور کہاکہ یہ گرجا گھر آپ کے ایمان کا منہ بولتا ثبوت ہے۔یہ گرجہ خدا کی طرف سے سوکھیکی منڈی کی کلیسیاکیلئے قیمتی تحفہ ہے جہاں پر آپ کی آنے والی نسلوں کی ایمانی آبیاری ہوگی اس لئے خدا کے گھر کی دیکھ بھال کرنا آپ کا فرض ہے۔پاک ماس سے قبل کرسمہ کے تیل سے پاک صندوق اورپاک الطار کو مسح کیا گیا۔ بشپ جی نے نئے گرجا گھر کی تختی کی نقاب کْشائی کی۔ عبادت کے اختتام پرریورنڈ فادرطارق جارج نے کہا کہ اس چرچ کا خواب 2013میں دیکھا گیا تھا جس کی تعبیر آج ہمارے سامنے ہے۔ یہ لمحہ مریم آباد پیرش کی کلیسیاء کے لیے باعثِ فخر ہے۔ آخر میں ریورنڈ فادر طارق جارج نے فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس،ٹھیکیدار اور اْس کی ٹیم،پاسٹرل ٹیم اور تمام مومنین کا شکریہ ادا کیا۔اور اس موقع کو یاد گار بنانے کے لیے فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس، ریورنڈ فادر طارق جارج،ریکٹر مریم آباد،ٹھیکیدار اور اْس کی ٹیم اور پاسٹرل ٹیم کو خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا۔
Daily Program
