دارالسکون کراچی میں فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس کے اعزاز میں پُروقار تقریب کا انعقاد

مورخہ 13اپریل 2026کودارالسکون کراچی میں فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف مذہبی، سماجی اور فلاحی شخصیات نے شرکت کی اور کارڈینل جوزف کوٹس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس تقریب میں فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس، کاہنانہ برادری، سسٹرز صاحبات اور دیگر معزز مہمان بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے کارڈینل جوزف کو ٹس کی کلیسیا، معاشرے اور انسانیت کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا اور اْن کی قیادت کو مثالی قرار دیا۔
کارڈینل جوزف کو ٹس نے اپنے خطاب میں خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اْن کی تمام خدمات خدا کے فضل اور لوگوں کی دْعاؤں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ محبت، خدمت اور عاجزی کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے رہنا چاہیے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کلیسیا کا مشن صرف عبادت تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند افراد کی خدمت بھی اس کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے دارالسکون کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ انسانیت کی خدمت کی ایک روشن مثال ہے۔فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کارڈینل جوزف کوٹس کی زندگی ہم سب کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے اْن کی سادگی، خدمت اور قیادت کو سراہا۔
تقریب کے دوران کارڈینل جوزف کوٹس کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ شرکاء نے اْن کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
اس تقریب کا اختتام دْعاکے ساتھ ہوا، جس میں ملک و قوم کی سلامتی، امن اور ترقی کے لیے خصوصی دْعائیں کیں گئیں۔