تین کپوچن کاہن صاحبان کی جوبلی کلیسیا کی عظیم تاریخ، ترقی اور مضبوطی کا اظہار ہے۔ فضیلت ماب آرچ بشپ خالد رحمت
مورخہ 22 اگست 2026کو سینٹ فرانسس فرائری، کوٹ لکھپت، لاہور میں ریورنڈ فادر عابد حبیب اور ریورنڈ فادر جان جوزف کی روبی جوبلی جبکہ ریورنڈ فادر پیٹرک کی سلور جوبلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔اس موقع پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے فرمائی۔
دورانِ وعظ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے کہا کہ تینوں کاہنوں کی جوبلی پاکستان میں کلیسیا کی طویل تاریخ، مسلسل ترقی اور مضبوطی کی گواہی ہیں۔ انہوں نے تینوں کاہنوں کی بلاہٹ اور کئی دہائیوں پر محیط وفادارانہ خدمات پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے ان کی زندگیوں کے ذریعے عظیم کام انجام دیے ہیں۔ بشپ جی نے ریورنڈ فادر عابد حبیب کی مومنین کی روحانی تربیت، امن و انصاف، مشنری خدمت اور قیادت کو سراہا، جبکہ ریورنڈ فادر جان جوزف کی کاہنانہ خدمت اور قیدیوں کے لیے جیل منسٹری میں ان کی محبت اور ہمدردی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بشپ جی نے ریورنڈفادر پیٹرک کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے انہیں سری لنکا میں پہلے پاکستانی مشنری کی حیثیت سے ان کی تاریخی خدمت اور کپوچن برادری کی تشکیل میں اہم کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کلیسیا کی ضروریات ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئیں۔ انہوں نے فادر پیٹرک کی صبر، ذمہ داری اور مذہبی زندگی سے وفاداری کو قابلِ تقلید قرار دیا۔ بشپ جی نے انجیل ِمقدس کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تو تھوڑے میں وفادار رہا، آؤ اپنے مالک کی خوشی میں شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ تینوں کاہنوں کی زندگی اور خدمت آنے والی نسلوں کے لیے وفاداری اور قربانی کی مثال ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریورنڈ فادر عمانوائیل عاصی نے بتایا کہ انہیں بپتسمہ ریورنڈ فادر فیڈینشن نے دیا تھا۔ انہوں نے بیلجئین کاپوچن مشنریوں کے ساتھ اپنی خدمت کے تجربات کو یاد کیا، جنہوں نے مشکل حالات اور محدود وسائل کے باوجود بھرپور مشنری خدمات انجام دیں۔ انہوں نے ان مشنریوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ریورنڈ فادر عمانوائیل عاصی نے کہا کہ آج مقامی کلیسیا کو بہت سی برکات حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے بزرگ کاہنوں، ریورنڈ فادر لوئس اور فادر بینجمن کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فادر پیٹرک کو ان کی پیدائش سے بھی پہلے سے جانتے تھے کیونکہ وہ ان کے والد کو حافظ آباد کے زمانے سے جانتے تھے۔ انہوں نے تینوں کاہنوں کی خدمات کو سراہا۔ریورنڈفادر عمانوائیل عاصی نے کہا کہ مقدس فرانسس آف اسیسی کا جوبلی سال ہمیں مقدس فرانسس کی روحِ خدمت، سادگی اور محبت کو دوبارہ زندہ کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے اْمید ظاہر کی کہ یہ روح کپوچن جماعت اور پاکستان کے ہر خاندان میں مزید فروغ پائے گی۔
کپوچن برادری کے سردارِ اعلیٰ، ریورنڈ فادر اعجاز بشیر نے تینوں کاہنوں کی بلاہٹ، قربانی اور خدمات پر خدا کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کاہنوں نے کپوچن بردران کی تعلیم، تربیت اور تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا اور جہاں بھی خدمت کی ضرورت پیش آئی، وہاں خلوص اور فرمانبرداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ان کی زندگیوں اور خدمات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ان کے مطابق تینوں کاہنوں نے نہ صرف خود خدمت کی بلکہ دوسروں کے لیے بھی آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کیے۔
آخر میں فادر پیٹرک نے فادر عابد حبیب اور فادر جان جوزف کی جانب سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اپنی بلاہٹ اور خدا کی وفادار محبت پر شکر ادا کیا۔ انہوں نے فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کے حوصلہ افزا کلمات، فادر اعجاز بشیر کی جانب سے تقریب کے انعقاد اور تمام کپوچن بھائیوں کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
