اڑیسہ سے کیرالہ تک: خدمت کے سفر نے سسٹر چندریکا کو مذہبی زندگی تک پہنچا دیا
بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ سے تعلق رکھنے والی ایک کیتھولک خاتون، جو ابتدا میں ایک کانونٹ کے کچن میں خدمت کے لیے کیرالہ گئی تھیں، نے اسی تجربے کو اپنی مذہبی بلاہٹ دریافت کرنے کا ذریعہ قرار دیا ہے۔سسٹر چندریکا پردھان، دی مدر آف کارمل (CMC)جماعت کی رکن ہیں۔انہوں نے 25 مئی کو جنوبی بھارتی ریاست کیرالہ میں 56 دیگر سسٹرز کے ساتھ اپنی دائمی عہد بندھی کے وعدے کئے۔ اس موقع پر 13 جون کو ان کے آبائی گاؤں سوماگوٹا، ضلع کندھمال، ریاست اڑیسہ میں شکرگزاری کی مقدس قربانی منعقد ہوئی، جس میں سینکڑوں مؤمنین، عزیز و اقارب اور خیر خواہوں نے شرکت کی۔
16 نومبر 1995 کو جوزف پردھان اور سالمینا پردھان کے گھر پیدا ہونے والی سسٹر چندریکا تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔ ان کا تعلق ضلع کندھمال کے آور لیڈی آف چیریٹی پیرش، رائیکیا کے کیتھولک گاؤں سوماگوٹا سے ہے، جو آرچ ڈایوسیس آف کٹک-بھونیشورکا حصہ ہے۔
2013 میں دسویں جماعت مکمل کرنے کے بعد وہ اپنے علاقے کی ایک اور نوجوان خاتون کے ساتھ کیرالہ کے ضلع ایرناکولم کے شہر انگامالی گئیں، جہاں انہوں نے ایک کانونٹ میں کچن کی خدمت انجام دینا شروع کی۔سسٹر چندریکا نے بتایا کہ دی مدر آف کارمل جماعت سے وابستگی نے انہیں مذہبی زندگی کی بلاہٹ کو پہچاننے میں مدد دی۔
انہوں نے کہا کہ کونگریگیشن آف دی مدر آف کارمل کی مدر جیا روز نے میری حوصلہ افزائی کی اور آہستہ آہستہ میں نے محسوس کیا کہ خدا مجھے مذہبی زندگی کے لیے بلا رہا ہے۔ میں خدا کی اس قیمتی بلاوے پر بے حد شکر گزار ہوں۔
انہوں نے 2019 میں اپنی پہلی عہد بندی کی، جبکہ رواں سال دائمی عہد بندھی کرکے مکمل طور پر مذہبی زندگی سے وابستہ ہوگئیں۔سوماگوٹا میں منعقدہ شکرگزاری کی پاک ماس کی قربانی کی قیادت ریورنڈفادر مائیکل بیہیرا نے فرمائی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سسٹر چندریکا کے سفرِ بلاہٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خدا کے لیے کوئی چیز ناممکن نہیں۔ وہ عام زندگیوں کو غیرمعمولی بنا سکتا ہے۔ چندریکا کچن میں خدمت کے لیے کیرالہ گئی تھیں، مگر خدا نے انہیں اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے مذہبی زندگی کے لیے چن لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں کی خدمت اکثر انسان کو اپنی حقیقی بلاہٹ دریافت کرنے کا ذریعہ بن جاتی ہے۔سسٹر چندریکا کے والد جوزف پردھان نے بتایا کہ اْن کی بیٹی کی دْعا اور پیرش کی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی شمولیت نے خدا کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے کی خواہش کو مزید مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے وہ پیرش کی زندگی اور دْعا میں سرگرم ہوتی گئیں، اْن کے دل میں خدا کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے کی خواہش بڑھتی گئی۔ روزانہ کی پاک ماس، ذاتی دْعا اور سسٹرز کی حوصلہ افزائی نے انہیں اپنی بلاہٹ کو سمجھنے میں مدد دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں کی خدمت نے اْن میں صبر، انکساری، فیاضی اور محبت جیسی خوبیاں پیدا کیں، جنہوں نے مذہبی زندگی اختیار کرنے کے فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔کونگریگیشن آف دی مدر آف کارمل (CMC)کا قیام 13 فروری 1866 کو کیرالہ کے شہر کوناماوو میں سینٹ کوریاکوس الیاس چاوارا اور اطالوی کارملائی مبلغ ریورنڈفادر لیوپولڈ بیکارّو نے عمل میں لایا تھا۔ یہ سیرو-ملابار کلیسیا کی خواتین کی پہلی مقامی مذہبی جماعت تھی۔
آج اس جماعت میں تقریباً 6,000 سسٹرز ہیں، جو ایشیا، افریقہ، یورپ، شمالی و جنوبی امریکہ اور اوشیانا سمیت 19 ممالک میں تعلیم، صحت، سماجی خدمت اور مختلف رسولی مشنز میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ریاست اڑیسہ میں اس جماعت کی کمیونٹیز بالاسور اور مونی گوڈا میں قائم ہیں۔
فی الحال سسٹر چندریکا پردھان شمال مشرقی بھارتی ریاست میگھالیہ میں اپنی مذہبی خدمات انجام دے رہی ہیں، جو اپنی نمایاں مسیحی آبادی کے لیے معروف ہے۔