اپنے آپ کو دوسروں سے برتر نہ سمجھیں اور خدا کی محبت میں متحد رہیں۔ پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے
مورخہ 21فروری2024کو سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل، لاہور میں پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے کو لاہور آرچ ڈایوسیس میں نہایت پْرتپاک طریقے سے خوش آمدید کہا گیا۔ہوا میں غبارے چھوڑے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر نوجوانوں نے خوبصورت پاکستانی ثقافتی رقص بھنگڑاڈالا اور کلّہ اور مالا پہنا کر پاپائی سفیر کا خیر مْقدم کیا۔
بعد ازاں پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے نے سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل،لاہور میں مومنین کے لیے پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی۔جس میں لاہور ڈایوسیس کے فادر صاحبا ن،سسٹرصاحبات اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹئن فرانسس شاء نے پاپائی سفیر کو لاہور ڈایوسیس کی تما م کلیسیا کی جانب سے سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل میں خوش آمدید کہا۔
پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانے پینے موتے نے وعظ میں یونس نبی کی خدمت اور خدا کے منصوبہ کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یونس نبی کی تبلیغ نینوا کے لوگوں کے لیے توبہ کا وسیلہ تھی۔ انہوں نے خدا کے کلام کو سنا،قبول کیا،توبہ کی اور گناہ سے بھرپور زندگی کو خیرباد کہا۔انہوں نے خدا کی ہدایت کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کی۔ ہمیں بھی اپنی زندگی کو بدلنے کے لیے یونس نبی کے پیغام کو سننے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔دوران ِوعظ مومنین سے پاپائے اعظم فرانسس کا پیغام شئیر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پوپ فرانسس کی جانب سے آپ سب کو سلام اور برکات پیش کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاپائے اعظم نے رواں سال کو دْعا کا سال قرار دیا ہے۔دْعا ہماری بنیاد ہے۔پوپ فرانسس کہتے ہیں کہ وہ اپنی دْعاوں سے آپ سب کے قریب ہیں۔فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے نے مومنین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو دوسروں سے برتر نہ سمجھیں۔اور خدا کی محبت میں متحد رہیں۔ایک دوسرے کو معاف کریں،آپ کے پاس دْعا کی خوبصورت روایات ہیں جو آپ کو خیرات میں بڑھنے،ایمان اور اْمید میں مضبوط ہونے میں مدد کرتی ہیں۔فریسیوں کی طرح نشانی نہ مانگیں بلکہ خدا کے کلام کو سنیں اور اس پر عمل کریں۔کیونکہ بہت سارے لوگوں کوتوبہ اور تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم توبہ کرتے ہیں تو خدا ہمیں معاف کرتا اوربچاتا ہے۔
آئیے ہم اپنے خاندانوں،برادریوں،معاشرے،تمام مذاہب کے درمیان مکالمے، امن اور ہم آہنگی کے لیے دعا کریں اور مقدسہ ماں مریم، امن کی ملکہ کی سفارشات طلب کریں۔آخر میں انہوں نے لاہور ڈایوسیس کی کلیسیا کی محبت کا شکریہ ادا کیا۔عبادت کے اختتام پر تمام مومنین نے پاپائی سفیر سے ملاقات کی اور برکات حاصل کیں۔
بعد ازاں ریڈیو ویریتاس ایشیا اْردو سروس کے سٹاف نے ڈائریکٹر کے ہمراہ پاپائی سفیر جرمانو پینے موتے کو خوبصورت مالا پہنا کر خوش آمدید کہا۔