گھر سے شروع ہونے والی انسانیت


انسانیت صرف دوسروں کی مدد کرنے یا کسی ضرورت مند کے لیے کچھ کرنے کا نام نہیں، بلکہ انسانیت ایک ایسا رویہ ہے جو ہماری روزمرہ زندگی، ہمارے الفاظ، ہمارے رویے اور خاص طور پر ہمارے خاندان سے ظاہر ہوتا ہے۔ یومِ انسانیت ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر انسان عزت، محبت، توجہ اور ہمدردی کا حق رکھتا ہے۔خاندان انسان کی پہلی درسگاہ ہے۔ ایک بچہ سب سے پہلے اپنے والدین اور گھر کے دوسرے افراد سے سیکھتا ہے کہ دوسروں کے ساتھ کیسے پیش آنا ہے۔ اگر گھر میں محبت، احترام، معافی اور ایک دوسرے کی مدد کا ماحول ہو تو یہی خوبیاں بچوں کی شخصیت کا حصہ بن جاتی ہیں اور وہ معاشرے میں بھی محبت اور امن پھیلانے والے انسان بنتے ہیں۔
آج کی مصروف زندگی میں خاندان کے افراد ایک دوسرے کے قریب رہتے ہوئے بھی بعض اوقات ایک دوسرے سے دور ہو جاتے ہیں۔ موبائل فون، سوشل میڈیا اور روزمرہ کی مصروفیات نے ہماری توجہ ایک دوسرے سے ہٹا دی ہے۔ ایسے میں انسانیت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے گھر والوں کے لیے وقت نکالیں، ان کی بات سنیں اور ان کے احساسات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔کبھی ایک مسکراہٹ، محبت بھرا لفظ، کسی تھکے ہوئے فرد کا کام میں ہاتھ بٹانا یا پریشان شخص کو تسلی دینا بھی انسانیت کی خوبصورت مثال بن سکتا ہے۔بچوں کاصرف کامیاب ہونا نہیں بلکہ اچھا انسان بننا بھی ضروری ہے۔ انہیں بتایا جائے کہ گھر میں والدین اور بزرگوں کا احترام کریں، بہن بھائیوں کے ساتھ محبت سے پیش آئیں، غریب اور ضرورت مند لوگوں کا مذاق نہ اْڑائیں اور جہاں ممکن ہو دوسروں کی مدد کریں۔بچے ہماری نصیحتوں سے زیادہ ہمارے عمل سے سیکھتے ہیں۔ اگر والدین خود دوسروں کے ساتھ عزت اور نرمی سے پیش آئیں گے تو بچے بھی یہی رویہ اپنائیں گے۔
انسانیت کا ایک اہم پہلو اپنے بزرگوں کی قدر کرنا ہے۔ والدین اور خاندان کے بزرگوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ ہماری خوشیوں اور بہتر مستقبل کے لیے وقف کیا ہوتا ہے۔ بڑھتی عمر میں انہیں صرف مادی سہولیات ہی نہیں بلکہ وقت، توجہ، محبت اور اپنائیت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔کبھی ان کے ساتھ چند لمحے بیٹھ کر بات کرنا، ان کی بات سننا یا ان کا حال پوچھنا بھی ان کے لیے بہت بڑی خوشی بن سکتا ہے۔ہر خاندان میں اختلافات ہو سکتے ہیں۔ کبھی غلط فہمی، غصہ یا سخت الفاظ رشتوں میں دوری پیدا کر دیتے ہیں۔ لیکن انسانیت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ ہر اختلاف کو دشمنی نہ بننے دیں۔ جہاں ضروری ہو وہاں معافی مانگیں، معاف کریں اور رشتوں کو انا سے زیادہ اہمیت دیں۔ایک مضبوط خاندان وہ نہیں جس میں کبھی اختلاف نہ ہو، بلکہ وہ ہے جہاں اختلاف کے باوجود محبت، احترام اور معافی کا راستہ کھلا رہتا ہے۔یومِ انسانیت ہمیں یہ سوچنے کی دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنی زندگی میں انسانیت کو کیسے زندہ کر سکتے ہیں۔ شاید ہم پوری دنیا کے مسائل حل نہ کر سکیں، لیکن ہم اپنے گھر میں محبت پیدا کر سکتے ہیں، اپنے پڑوسی کا خیال رکھ سکتے ہیں، کسی ضرورت مند کی مدد کر سکتے ہیں اور کسی دکھی انسان کے لیے اْمید کا سبب بن سکتے ہیں۔انسانیت بڑے دعووں سے نہیں بلکہ چھوٹے چھوٹے محبت بھرے اعمال سے مضبوط ہوتی ہے۔آئیے اس یومِ انسانیت پر عہد کریں کہ ہم اپنے گھروں کو محبت، احترام، برداشت اور خدمت کا مرکز بنائیں گے۔ کیونکہ ایک بہتر معاشرہ بہتر خاندانوں سے بنتا ہے، اور بہتر خاندان ان لوگوں سے بنتے ہیں جو ایک دوسرے کو صرف رشتہ نہیں بلکہ ایک انسان سمجھ کر محبت اور عزت دیتے ہیں۔
یادرکھیں انسانیت کا حقیقی سفر ہمارے اپنے گھر سے شروع ہوتا ہے۔ جب ہمارے گھروں میں محبت ہوگی تو یہی محبت ہمارے معاشرے اور پوری دنیا تک پہنچ سکتی ہے۔
 

Daily Program

Livesteam thumbnail
Urdu Survey Popup