پاک روزری خاندانی دْعا

     لفظ روزری کا مطلب پھولوں کا تاج، پھولوں کی مالا اور گلابوں کا گلدستہ ہے۔ پاک روزری محبت کا پھول ہے جو مومنین مقدسہ مریم سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لئے ورد کی صورت میں اسے پیش کرتے ہیں۔ پاک روزری کی دعا بہت ہی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس دعا میں مومنین اپنی نجات کے عظیم بھیدوں پر دھیان وگیان کرتے ہیں۔ کیتھولک کلیسیا میں بہت سی دعائیں اور عقیدتیں ہیں جو روحانی وایمانی نشوونما میں ہماری مدد کرتی ہیں۔ ان میں سے ایک پاک روزری کی دْعا ہے جو اپنی خوبصورتی اور سادگی میں ایمانی اور روحانی گہرائی کی وجہ سے افضل مقام رکھتی ہے۔ پانچ روز ری ایک سادہ اور پرْ اثر دْعا ہے جسے ہر مومن ادا کر سکتا ہے۔ یہ مقدسہ مریم کی سفارشات کی بدولت خدا باپ سے برکات اور فضائل حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ روزری ہمارے گناہوں کو دھو کر ہر روز ہمارے بدنوں اور روح کو ازسرنو تازگی اور تقویت بخشتی ہے۔ خاندانی یا جماعتی طور پر اسے پڑھنے سے خاندان اور کلیسیا میں اتحاد، صلح، سلامتی، محبت اور خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔
روایت ہے کہ مقدس دومنیک جنگل میں چلے گئے جہاں انہوں نے لگاتار دْعا کی۔ اس دوران انہوں نے نہ کچھ کھایا نہ پیا بلکہ روتے اور سخت گریہ زاری کرتے ہوئے دْعا کرتے رہے۔ آخرکار وہ گر ِگئے اور زخمی ہوگئے۔یہاں مقدسہ مریم تین فرشتوں کے ہمراہ اْن پر ظاہر ہوئی اور کہا پیارے دو منیک! کیا تم جانتے ہو کہ اقدس ثالوث کیا چاہتا ہے؟اور کہ کون سا ہتھیار دنیا کی اصلاح کے لئے استعمال کیا جائے؟ مقدس دو منیک نے جواب دیا اے مقدسہ مریم!آپ مجھ سے بہتر جانتی ہیں کیونکہ اپنے بیٹے یسوع مسیح کے بعد ہماری نجات کا بڑا وسیلہ ہمیشہ آپ ہی ہیں۔ مقدسہ مریم نے جواب میں کہا کہ آپ جان لیں کہ اس قسم کی جنگ میں بڑا ہتھیار ہمیشہ پاک روزری کا ورد رہا ہے۔ اس لئے اگر آپ ان سخت دل روحوں کو خدا کے لیے جیتنا چاہتے ہیں تو میری روزی کا پرچار کرو۔لوگوں کو روزری پڑھنا سِکھاؤاور روزری پڑھنے کی ترغیب دو۔ پس دو منیک اْٹھا تازہ دم ہوا اور لوگوں کو تبدیل کرنے کے لئے جو ش سے بھرا سیدھا کیتھیڈرل کی طرف چلا۔جب لوگ جمع ہو گئے تو انہوں نے  وعظ دینا شروع کر دیا۔ اس کی نصیحت کے آغاز میں ہی ایک طوفان آیا جس سے زمین ہِل گئی۔
سورج تاریک ہو گیا اور سخت گرج اور بجلی کی چمک سے لوگ خوفزدہ ہوگئے۔اسی اثنا میں مقدسہ مریم ظاہر ہوئی آخر کار مقدس دو منیک کی دْعا سے طوفان تھم گیا اس نے اپنا وعظ جاری رکھا المختصر ان کی دعاؤں اور پاک روزی کی طاقت سے بہت سے بدعتی تبدیل ہوئے اور بے شمار لوگ خداوند پر ایمان لے آئے۔ پاک روزی یسوع مسیح کی انجیل کا نچوڑ ہے۔ روزری پڑھنے سے ہم یسوع کی زندگی، اذیت،موت اور قیامت پر دھیان گیان کرتے ہیں۔یہ ایک مکمل دعا ہے کیونکہ اس میں ہماری نجات کی تاریخ پنہاں ہے۔ ہر روز پاک روزری کی دعا کرنے سے ہم اپنی زندگی اور معاشرے سے بے شمار خطرات اور برائیوں کو ختم کر سکتے ہیں۔ روزری کی بڑائی اور سچائی کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ لوردس اور فاطمہ کے دونوں عظیم  ظہورات میں مقدسہ مریم نے پاک روزی پڑھنے کی دعوت دی۔ مقدسہ مریم نے روزری کی طاقت کے بارے میں انکشاف کیا۔ ہمیشہ انتھک انداز سے روزری پڑھو اور جوروحیں روزری کے ذریعے اپنے آپ کو میری سپردگی میں دیں گی وہ نیست نہیں ہوں گی۔ جوروزری کے بھیدوں پر دھیان بیان کرتے ہوئے انہیں پڑھیں گے ان پرنہ آفات آئیں گی نہ وہ بے تیاری موت مریں گے۔ اور اگر وہ گناہگار ہوں گے تو وہ تبدیل ہوجائیں گے۔ یہاں تک کہ وہ ابدی زندگی کے لائق ہوں گے۔ پاک روزری کے ذریعے تم جو کچھ بھی مانگو گے وہ تمہیں مل جائے گا۔ مقدس پادرے پیؤ کو بچپن ہی سے مقدسہ مریم سے خاص عقیدت ولگن تھی اور یہ بات انہوں نے اپنے والدین سے سیکھی تھی۔ جب نووشیٹ میں داخل ہوئے تو ان کے والدین نے انہیں پاک روزری کا خوبصورت تحفہ ہی دیا۔مقدس پادرے پیؤ اس بات کے قائل تھے کہ مقدسہ مریم و ہ نادر نمونہ اور مثال ہے جس کی پیروی ہر شخص کو کرنی چاہیے۔ انہیں مقدسہ مریم سے اتنی محبت تھی کہ وہ ایک دن میں تیس سے چالیس مرتبہ روزری پڑھتے تھے۔ دو ہزار سال پہلے جبرائیل فرشتے نے عرش سے فرش پر اْتر کر مقدسہ مریم کو سلام کیا بالکل اسی طرح آج بھی لاکھوں کروڑوں مومنین دن رات فرش سے عرش پر مقدسہ مریم کو عقیدت بھرا سلام بھیجتے ہیں اور اس کے بدن کے پھل کو مبارک کہتے ہوئے اپنے خداوند کے شکر گزار ہوتے ہیں۔
 آئیے!ہم سب بھی اس روزری کے بابرکت مہینے میں پاک روزری کی دْعا کو اپنی روزمرہ دعاؤں اور روحانی عقیدتوں کا حصہ بنائیں۔ تاکہ مقدسہ مریم سے برکات و فضائل حاصل کرسکیں۔

 

Daily Program

Livesteam thumbnail