یسوع مسیح کا آسمان پر جانا ہمیں باپ کی طرف بلاتا اور اتحاد و امن قائم کرتا ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 17مئی 2026کو یسوع مسیح کے آسمان پر جانے کی عید کے موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں موجود تقریباً 20 ہزار زائرین سے خطاب کرتے ہوئے پاپا ئے اعظم لیو چہاردہم نے کہا کہ یسوع مسیح کی پوری زندگی ”آسمان کی جانب سفر“تھی، اور اُن کی انسانیت پوری دنیا کو اپنے اندر سمیٹتے ہوئے انسان کو بلندی اور نجات عطا کرتی ہے۔پوپ لیو نے کہا کہ یسوع کا آسمان پر جانا شاید ہمیں ایسا محسوس کروائے کہ یہ واقعہ ماضی کا ایک دُور دراز راز ہے، لیکن حقیقت میں یہ آج بھی زندہ اور موجود ہے، کیونکہ ہم یسوع کے ساتھ ایسے متحد ہیں جیسے ایک جسم کے اعضا اپنے سر کے ساتھ متحد ہوتے ہیں، اور خداوند ہمیں اپنے ساتھ باپ کے ساتھ کامل رفاقت کی طرف بلاتاہے۔پوپ لیو چہاردہم نے وضاحت کی کہ مسیح یسوع نے اپنی انسانیت کے ذریعے پوری دنیا کو اپنے ساتھ شامل کرتے ہوئے انسان کو گناہ کی حالت سے آزاد کیا۔
انہوں نے عیدِ قیامت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خداوند وہاں روشنی، معافی اور اْمید لے کر آتے ہیں جہاں پہلے تاریکی، ناانصافی اور مایوسی تھی، تاکہ انسان اُس ابدی فتحِ قیامت میں شریک ہو سکے جس میں خدا کے بیٹے نے:اپنی موت کے ذریعے ہماری موت کو تباہ کیا اور اپنے جی اُٹھنے کے ذریعے ہماری زندگی بحال کی۔
پوپ لیو نے کہا کہ عیدِ صعود ہمیں ایک”زندہ تعلق“کے بارے میں بتاتا ہے جو ہمیں بھی آسمانی جلال کی طرف کھینچتا ہے، اور اسی زندگی میں ہمارے نقطہ نظر کو بلند اور وسیع کرتا ہے، جبکہ ہماری سوچ، احساسات اور اعمال کو خدا کے دل کے مطابق بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس آسمانی سفر میں ہمیں راستہ یسوع مسیح سے ملتا ہے، جس نے اپنی زندگی، مثال اور تعلیمات ہمارے لیے چھوڑیں۔پوپ لیو چہاردہم نے آخر میں کہا کہ ایک دوسرے کی دْعا اور تعاون کے ذریعے ہم بھی روز بروز آسمان کی طرف بلند ہونا سیکھ سکتے ہیں، جیسا کہ مقدس پولوس نے سیکھایا کہ انسان کو ہر اُس چیز پر توجہ دینی چاہیے جو سچی، عادلانہ اور محبت کے قابل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ بپتسمہ میں ملنے والی الٰہی زندگی ہمیں مسلسل خدا باپ کی طرف بلند کرتی ہے، اور اگر ہم اسے اپنے اندر بڑھنے دیں تو یہ دنیا میں اتحاد اور امن کے قیمتی ثمرات پھیلا سکتی ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail