ہمیں اپنی پوری زندگی کے ساتھ خدا کے لوگوں کی خدمت کے لیے بلایا گیا ہے۔پوپ لیوچہاردہم
مورخہ 2اپریل 2026کو پاپل با سیلکاآف سینٹ جان لیٹرن میں آخری کھانے کی عبادت کے دوران پوپ لیو چہاردہم نے کاہنانہ برادری کو بتایا کہ وہ خداوند کی خدمت اس طرح کریں کہ اپنی پوری زندگی خدا کے لوگوں کے لیے وقف کر دیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی سختی اور ظلم کے اس دور میں ہمیں بھی مظلوموں اور ضرورت مندوں کے ساتھ جھکنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس دنیا میں اور خاص طور پر اُن جگہوں پر جہاں برائی زیادہ ہے، یسوع ہمیشہ کے لیے اور اپنی پوری ہستی کے ساتھ محبت کرتا ہے۔
اپنے خطاب میں پوپ لیو نے یاد دلایا کہ یہ پاک عبادت ہمیں خداوند کے دکھ، موت اور قیامت کے مقدس تین دنوں (Holy Triduum) میں داخل کرتی ہے۔پوپ لیو نے شاگردوں کے پاؤں دھونے کے واقعہ پر غور کرتے ہوئے کہا کہ محبت کی وجہ سے خداوند ہم میں سے ہر ایک کے پاؤں دھونے کے لیے جْھکتا ہے اور اُس کا یہ الٰہی تحفہ ہمیں بدل دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی، بیسن اور تولیہ لے کر یسوع جو کچھ دکھاتا ہے وہ صرف اخلاقی مثال نہیں بلکہ زندگی گزارنے کا ایک مکمل طریقہ ہے جو وہ ہمیں سونپتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاؤں دھونا دراصل خدا کے ظہور کا ایک گہرا نشان ہے۔یسوع کا خادم بننا باپ کے جلال کو ظاہر کرتا ہے اور دنیاوی معیارکو اْلٹ دیتا ہے جو اکثر ہماری سوچ کو بگاڑ دیتے ہیں۔
پوپ لیو نے پوپ بیناڈکٹ سولہویں کے 2008 کے وعظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی مقدس پطرس کی طرح سیکھنا ہوگا کہ خدا کی عظمت ہماری سوچ سے مختلف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اکثر ایسے خدا کو چاہتے ہیں جو ہماری خدمت کرے، مگر حقیقت میں خدا ہمیں عاجزی سے خدمت کے ذریعے نوازتا ہے جیسے پاؤں دھونے کے عمل میں ظاہر ہوتا ہے۔
پوپ لیونے یاد دلایا کہ یسوع نے روٹی توڑ کر اپنی پوری ذات ہمیں دے دی اور کاہنوں کو بھی اسی طرح اپنی پوری زندگی دینے کے لیے بلایا گیا ہے۔
انہوں نے کہااے کاہن بھائیو، ہمیں اپنی پوری زندگیوں کے ساتھ خدا کے لوگوں کی خدمت کے لیے بلایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بشپ صاحبان اور کاہن صاحبان کے ذریعے خدا کی محبت کا نشان پورے خدا کے لوگوں کے لیے ظاہر ہوتا ہے۔
پوپ لیو نے کہا کہ خدا کی محبت ہماری نیکی یا پاکیزگی سے پہلے آتی ہے۔وہ پہلے ہم سے محبت کرتا ہے، اور اسی محبت میں ہمیں معاف اور بحال کرتا ہے۔انہوں نے اس بات زور دیا کہ خدا کی محبت کوئی انعام نہیں بلکہ ایک عطیہ ہے، جو ہمیں پاک کرتا ہے تاکہ ہم بھی اُس محبت کا جواب دے سکیں۔
پوپ لیونے کاہنوں کو دعوت دی کہ وہ یسوع سے سیکھیں، جو بدلے میں کچھ نہیں مانگتا بلکہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کے تحفے کو دوسروں میں بانٹیں۔ خداوند کی طرح خدمت کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم پہلے خود کو اُس کی خدمت کے لیے کھولیں۔
پوپ لیونے کہا کہ خدا نے ہمیں یہ مثال دی ہے کہ ہم دوسروں پر غالب نہ آئیں بلکہ انہیں آزاد کریں، اور زندگی کو تباہ نہ کریں بلکہ عطا کریں کیونکہ جب انسانیت ظلم کے باعث گھٹنوں پر آ جاتی ہے، تو آئیں ہم بھی مظلوموں کے ساتھ جھک جائیں۔اس طرح ہم خداوند کی پیروی کرتے ہیں، جس نے اپنی ذات کا کامل تحفہ پیش کیا۔
پوپ لیونے پاک جمعرات کوشکرگزاری اور حقیقی بھائی چارے کا دن قرار دیتے ہوئے دْعا کی کہ ہر کلیسیا اور جماعت میں آخری کھانے کی عبادت ہمیں یسوع کے اُس عمل پر غور کرنے کا موقع دے، جب وہ جھکا، اور ہمیں بھی اُسی محبت کے ساتھ خدمت کرنے کی طاقت ملے۔
آخر میں پوپ لیو چہاردہم نے مسیح یسوع کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اس عبادت کے دوران بارہ کاہنوں کے پاؤں دھوئے۔