ڈیجیٹل ابلاغیات سچائی اور انسانی وقار کی خدمت کریں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 4اگست2026 کوپا پائے اعظم لیو چہاردہم نے روانڈا کے شہر کگالی میں منعقد ہونے والی سگنس ورلڈ کانفرنس کے شرکاء سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل ابلاغیات کو سچائی، انسانی وقار، امن اور ماحول کے تحفظ کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنائیں۔پوپ لیو نے اپنے پیغام میں کیتھولک ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل ذرائع اور ابلاغیاتی حکمتِ عملیوں کو سچائی کی تلاش اور ہر انسان کے وقار کے احترام کی بنیاد پر فروغ دیں۔
انہوں نے کانفرنس کے تمام شرکاء کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور روحانی قربت کا اظہار کرتے ہوئے اْمید ظاہر کی کہ ان کی گفتگو اور غور و فکر ایسے نئے جذبے کو جنم دے گا جو ابلاغ کے ذرائع کو پوری انسانی برادری کی مشترکہ بھلائی کے لیے مزید مؤثر بنائے گا۔
اپنے پیغام میں پوپ نے اس حقیقت کی طرف توجہ دلائی کہ آج کی دنیا میں انسانی زندگی کا بڑا حصہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ سے وابستہ ہو چکا ہے۔انہوں نے اپنے انسائیکلیکل Magnifica Humanitas کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آن لائن ابلاغیات محض معلومات کی ترسیل کا ذریعہ نہیں، بلکہ یہ ایک ایسی قوت ہے جو ثقافت کو تشکیل دیتی ہے، لوگوں کے دنیا کو دیکھنے کے انداز کو متاثر کرتی ہے اور اجتماعی شعور پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔
اسی تناظر میں پوپ لیو نے کانفرنس کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ کانفرنس کے موضوع”ثقافتی ہم آہنگی اور ماحولیاتی فلاح کے لیے ڈیجیٹل ابلاغیات“کو عملی جامہ پہنانے کے نئے طریقوں پر غور کریں۔انہوں نے اْمید ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے نتائج ایسی مواصلاتی حکمتِ عملیوں اور ذرائع کی صورت میں سامنے آئیں گے جو سچائی پر مبنی ہوں اور ہر انسان کے وقار کے احترام کو اپنی بنیاد بنائیں۔پوپ لیو نے مزید کہا کہ اس طرزِ فکر کے ذریعے ایسی ثقافت کو فروغ دیا جا سکتا ہے جو انجیل کی تعلیمات، یعنی اتحاد، امن اور بھائی چارے کی عکاس ہو، اور ساتھ ہی انسانوں میں ماحول کے ذمہ دارانہ تحفظ کا شعور بھی بیدار کرے۔
آخر میں پوپ لیو نے کانفرنس کے تمام شرکاء کو کلیسیا کی ماں، مقدسہ مریم کی شفاعت کے سپرد کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ان کے لیے دْعاگو ہیں تاکہ ان کی خدمات دیرپا اور بابرکت ثمرات پیدا کریں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail
Urdu Survey Popup