پوپ لیو کا کاہنوں کے نام پیغام: اچھے چرواہے کے گواہ بنیں اور خود کو مکمل طور پر مسیح کے سپرد کریں۔
مورخہ 12جون 2026کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے کاہنوں کی تقدیس کے لیے یومِ دعا کے موقع پر، جو یسوع کے پاک دل کی عید کے دن منایا جاتا ہے، دنیا بھر کے کاہنوں کے نام اپنے پیغام میں انہیں دعوت دی کہ وہ اچھے چرواہے کی شفقت کے گواہ بنیں اور ایسی کاہنانہ زندگی گزاریں جو مسیح کے دل کے مطابق اور ثابت قدم ہو۔پوپ لیو نے کہاکہ آئیے ہم ہر بات میں مسیح کے ساتھ متحد رہیں۔اپنے ہر کام میں اور اْن تمام حالات میں جو روزمرہ زندگی میں ہمیں پیش آتے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ پاکیزگی نہ تو بہت سے اختیارات میں سے ایک انتخاب ہے اور نہ ہی کوئی مجرد تصور، بلکہ یہ ہر اُس شخص کی اصل شناخت کا حصہ ہے جو جی اْٹھنے والے مسیح کی زندگی میں شریک ہونا چاہتا ہے۔
پوپ لیو نے زور دیا کہ خدا ہمیں اپنی پاکیزگی میں شریک ہونے کی دعوت دیتا ہے۔ یہ پاکیزگی دراصل اعتماد کے ساتھ اپنے آپ کو خدا کے حوالے کرنا اور روح القدس کو اپنے اندر تبدیلی لانے دیناہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ اگرچہ ہم زمینی انسان ہیں، اکثر محدود، کمزور، تھکے ہوئے اور بعض اوقات زخمی بھی ہوتے ہیں، پھر بھی خدا ہمیں اپنی پاکیزگی میں شریک ہونے کے لیے بلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارے کاہنانہ منصب کے ذریعے ہم مسیح کی صورت میں ڈھالے گئے ہیں، پھر بھی ہمیں ہر روز پاک ماس کی ادائیگی، دْعا، خدا کے کلام پر غور و فکر اور اپنے بھائی بہنوں کی عاجزانہ خدمت کے ذریعے فضل کے اس عطیے کو اپنے اندر تازہ کرتے رہنا چاہیے۔
پوپ لیو نے کہا کہ جس کاہن کا دل راست، سادہ اور پاک ہو، وہ مشکلات میں بھی خدا کا دیدار کرنے والا، آزمائشوں میں رحمدل اور وفادار، اور اپنی ذات کے عطیہ میں خوش رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایسے چرواہوں کی شدید ضرورت ہے جو صرف الفاظ یا منصوبے پیش نہ کریں، بلکہ ایسے مصالحت یافتہ دلوں کی زندہ گواہی دیں جن سے مسیح کی پاکیزگی کی خوشبو پھیلتی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسی کاہنانہ زندگی جو یسوع کے دل کے مطابق ڈھلی ہوئی اور ثابت قدم ہو، اتحاد، امن اور رحمت کی ایک قابلِ اعتماد علامت بنتی ہے۔تقسیم اور خوف سے بھرے اس دور میں، پوپ نے کاہنوں کو دعوت دی:”ہم امن کے معمار اور اُس اچھے چرواہے کی شفقت کے گواہ بنیں جو بکھرے ہوئے لوگوں کو جمع کرتا اور زخمیوں کو شفا دیتا ہے۔
پوپ لیو نے واضح کیا کہ پاکیزگی کا جواب صرف ریاضت یا کامل بننے کی کوشش میں نہیں، اگرچہ یہ ضروری ہیں، بلکہ اس محبت پر بھروسہ کرنے میں ہے جو یسوع کے زخمی قلب میں ظاہر ہوئی۔
انہوں نے حیرت کے ساتھ کہا:اب ہم زندہ نہیں رہے بلکہ مسیح ہم میں زندہ ہے۔اس لیے انہوں نے کاہنوں کو نصیحت کی:اپنے آپ کو مکمل طور پر اُس کے حوالے کر دیں تاکہ آپ اُس کے لوگوں سے اُسی محبت کے ساتھ محبت کر سکیں جس محبت سے وہ اُن سے محبت کرتا ہے۔انہوں نے مزید فرمایا کہ یہ محبت اس بات کی ضمانت ہے کہ اگر ہم خود کو مکمل طور پر خدا کے سپرد کر دیں تو ہماری ذات کا کچھ بھی ضائع نہیں ہوگا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ لیو نے تمام کاہنوں کو مقدسہ ماں مریم جو کاہنوں کی ماں ہیں، کے سپرد کیا اور دْعا کی:
وہ، جس نے اپنے دل میں اپنے بیٹے کے راز کو محفوظ رکھا، ہمیں بھی یہ سیکھائے کہ ہم مسیح، جو دنیا کا نجات دہندہ ہے، اْس کے دل کی دھڑکن کو اپنے اندر زندہ اور فعال رکھیں۔