پوپ لیو چہاردہم نے روم کے جیملی ہسپتال میں قائم ہونے والے”نئے پوپ فرانسس ہارٹ سینٹر“ کو برکت دی۔
مورخہ27اپریل2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے روم کے جمیلی ہسپتال میں قائم کیے جانے والے نئے”پوپ فرانسس ہارٹ سینٹر“(Centro Cuore Papa Francesco) کے سنگِ بنیاد کو برکت دی اور اس اْمید کا اظہار کیا کہ ہسپتال کی ترقی انسانی اور مسیحی تربیت کے ساتھ ساتھ طبی مہارت میں بھی جڑی رہے گی۔
ویٹیکن میں جیملی ہسپتال کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران پوپ لیو نے اس نئے قلبی مرکز کے نام”Cuore“(دل) کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ”CUORE“ایک مخفف ہے (Cardiovascular Unique Offer ReEngineered)، لیکن یہ ادارے کی گہری روحانی روایت کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے، جو کیتھولک یونیورسٹی آف سیکرڈ ہارٹ سے وابستہ ہے۔یونیورسٹی کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے پوپ لیونے مبارک آرمیدا بریلی کے فیصلے کو”پیش گوئی پر مبنی“قرار دیا، جنہوں نے خدشات کے باوجود ادارے کا نام”سیکرڈہارٹ“رکھنے پر زور دیا۔
پاپائے اعظم لیو نے پوپ فرانسس کے آخری انسائیکلیکل Dilexit nos کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دل انسان کی شخصیت کا مرکز اور خلاصہ ہے اور یہی نظریہ کیتھولک طبی خدمات کے مشن کی رہنمائی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گہرا جوہر، جو ہر مرد و عورت میں موجود ہے، صرف روح تک محدود نہیں بلکہ پورے انسان کی منفرد جسمانی و روحانی شناخت کا احاطہ کرتا ہے۔ اگر محبت ہمارے دل میں حکمرانی کرے تو ہم وہی بن جاتے ہیں جس کے لیے ہمیں پیدا کیا گیا ہے، کیونکہ ہر انسان سب سے بڑھ کر محبت کے لیے پیدا کیا گیا ہے۔
پوپ لیو نے جیملی ہسپتال کی انتظامیہ اور عملے کو تاکید کی کہ جیسے جیسے ادارہ ترقی کرے، ویسے ویسے اس میں کام کرنے والوں کی انسانی اور مسیحی تربیت کو بھی فروغ دیا جائے۔انہوں نے اْگسٹینو جیملی اور آرمیدا بریلی کے وژن کو بھی سراہا، جنہوں نے ایک ایسے طبی ادارے کی بنیاد رکھی جو ایمان اور محبت پر قائم ہے۔
یہ نیا مرکز، جو پوپ فرانسس کے نام سے منسوب ہے، جیملی ہسپتال میں قلبی امراض کے علاج کو یکجا کرے گا اور مریض-مرکوز دیکھ بھال کا ایک ماڈل بنے گا۔یونیورسٹی کیمپس میں واقع یہ مرکز دل کے امراض کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لیے ایک اہم طبی اور سائنسی مرکز بننے کا ہدف رکھتا ہے۔
یاد رہے27,000 مربع میٹر پر مشتمل اس ہارٹ سینٹر میں:
100 عام بستر
28 انتہائی نگہداشت (ICU) کے بستر
16 ڈے ہسپتال بستر
9 آپریشن تھیٹرزکے ساتھ جدید قلبی امیجنگ اور ٹیلی ہیلتھ ٹیکنالوجی بھی موجود ہوگی۔ یہ عمارت موجودہ ہسپتال سے دو راستوں کے ذریعے منسلک ہوگی تاکہ فنکشنل اور آرکیٹیکچرل ہم آہنگی برقرار رہے۔