پاپائے اعظم لیو چہاردہم یکم اکتوبر کو ایک ملین بچوں کی روزری مہم کا آغاز کریں گے۔

rosary_for_peace_with_pope_leo
rosary_for_peace_with_pope_leo

یکم اکتوبر 2026 کو روم کے مختلف پیرشز اور سکولز سے تعلق رکھنے والے 700 سے 1000 بچے پوپ لیو چہار دہم کے ساتھ ویٹی کن گارڈنز میں جمع ہوں گے، جہاں ایڈ ٹو دی چرچ اِن نیڈ ACN کی جانب سے شروع کی جانے والی ایک ملین بچوں کی روزری کی دعا کی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ACN کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق، اسی شام 5 بجے ویٹی کن میں واقع لوردس کی پہاڑی پر بچے اور پوپ لیو چہاردہم دنیا بھر کے بچوں، خاندانوں، سکولوں اور مسیحی برادریوں کے ساتھ روحانی اتحاد میں روزری کی دعا کریں گے۔پوپ لیو چہاردہم پہلی مرتبہ اس عالمی دعا میں بچوں کے ساتھ شریک ہوں گے۔ پاپائی فاؤنڈیشن ایڈ ٹو دی چرچ اِن نیڈ گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے ایک ملین بچوں کی روزری کی دْعا کی مہم کا انعقاد کر رہی ہے۔تاہم اس سال پہلی مرتبہ یہ مہم یکم سے 7 اکتوبر تک پورے ایک ہفتے جاری رہے گی، تاکہ مختلف کلیسیائی برادریوں، خاندانوں اور اسکولوں کو اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی دن اس دْعا میں شریک ہونے کا موقع مل سکے۔ اس دوران تمام شرکاء امن اور اتحاد کے لیے اپنی دعاؤں میں متحد رہیں گے۔
7 اکتوبر کو منایا جانے والااقدس روزری کی مقدسہ مریم کنواری کی عید کے دن اس دعائیہ ہفتے کا اختتام ہوگا۔ یہ مہم صرف ویٹی کن تک محدود نہیں رہے گی بلکہ دنیا کے مختلف حصوں میں بھی اس کا اہتمام کیا جائے گا۔ بولیویا کے ایمیزون کے مقامی قبائل سے لے کر سوڈان، زمبابوے، موزمبیق، سیرا لیون اور دیگر ایسے علاقوں کی کلیسیاؤں تک، جو جنگ، غربت یا عدم استحکام سے متاثر ہیں، لوگ اس عالمی دعائیہ مہم میں شریک ہوں گے۔سوڈان کے کئی پیرشزاور سکول بھی اس مہم میں حصہ لیں گے۔ بحرِ اوقیانوس کے دوسری جانب بولیویا کے ایمیزون میں واقع تسیمانے Tsimané برادری کے بچے پہلے ہی تسیمانے اور ہسپانوی زبان میں روزری کی دْعا شروع کر چکے ہیں۔زمبابوے کی آرچ ڈایوسیس آف بولاوایو میں سینٹ کرسٹوفر پیرش 4 اکتوبر کو بچوں کے ساتھ ملکر امن کے لیے اجتماعی دْعا کریگا۔ جنوبی امریکا میں پیراگوئے کا ریڈیو پائی پوکو سان یوجینیو دے مازینود پیرش میں بچوں کی جانب سے روزری کی دْعا براہِ راست نشر کی جائے گی۔
اس سال کی مہم فاطمہ، پرتگال میں ہماری خاتون ِ روزری کی جانب سے کم سن عینی شاہدین کو دیے گئے پیغام سے متاثر ہے:”آخرکار میرا بے داغ دل فتح پائے گا۔“
شرکاء کے نام اپنی دعوت میں کارڈینل کرٹ کوخ نے کہا کہ مقدسہ مریم کا بے داغ دل ایسی زندگی کی علامت ہے جو مکمل طور پر روح القدس کے لیے کھلی ہوئی ہے۔ انہوں نے مریم کو ایمان، دْعا اور محبت کی مثال کے طور پر پیش کیا۔موجودہ دنیا میں جہاں تشدد، ظلم و ستم، غربت اور عدم استحکام پایا جاتا ہے، یہ دعائیہ مہم خاص اہمیت رکھتی ہے۔ مختلف ممالک، زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کا روزری کی دْعا میں شریک ہونا اعتماد اور اْمید کی ایک سادہ مگر عالمگیر علامت بن جاتا ہے۔ایک ملین بچوں کی روزری کی دْعا کی مہم کا آغاز 2005 میں وینزویلا سے ہوا تھا اور وقت کے ساتھ یہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ایک دعائیہ نیٹ ورک میں تبدیل ہو گئی۔ آج ہر براعظم میں بچے، خاندان، پیرشز، سکولز اور کلیسیائی گروہ اس میں شریک ہوتے ہیں۔
اٹلی کے معروف بزرگ کاہن مقدس پادرے پیو کا یہ قول بھی اس مہم کے لیے تحریک کا باعث بنا کہ”جب دس لاکھ بچے روزری کی دْعا کریں گے تو دنیا بدل جائے گی“۔تاہم اس دعائیہ مہم کی دعوت صرف بچوں تک محدود نہیں۔ ایڈ ٹو دی چرچ اِن نیڈ والدین، اساتذہ، کاہنوں، راہبات،سسٹر صاحبات اور خاندانوں سمیت ہر فرد کو اس مہم میں شریک ہونے کی دعوت دے رہی ہے۔ACN کے مطابق اگر کسی کے لیے مکمل روزری کی دْعا کرنا ممکن نہ ہو تو روزری کا صرف ایک بھید بھی عقیدت کے ساتھ ادا کرنا اس عالمی دعائیہ سلسلے میں شامل ہونے کے لیے کافی ہے۔

Urdu Survey Popup