پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے جولائی کے مہینہ کے اپنے دعائیہ اردارے کو انسانی زندگی کے احترام کیلئے منسوب کر دیا۔
مورخہ 2جولائی 2026کوپوپ لیو چہاردہم نے جولائی کے مہینے کے لیے اپنی خصوصی دعائیہ ادارے کو انسانی احترام کے نام منسوب کر دیا۔انہوں نے دنیا بھر کے کاتھولک مسیحیوں کو دعوت دی ہے کہ وہ انسانی زندگی کے احترام کے لیے دْعا کریں، تاکہ ہر شخص ہر انسان کی منفرد اور بے مثال قدر کو پہچانے اور اس کا تحفظ کرے۔ جمعرات کے روز جاری ہونے والی ”پوپ کے ساتھ دْعا کریں“ (Pray with the Pope) ویڈیو، جو پوپ کی عالمی دعائیہ نیٹ ورک (Pope’s Worldwide Prayer Network) کی جانب سے تیار کی جاتی ہے، میں
پوپ لیو نے کہا کہ خداوند نے ہم میں سے ہر ایک کو محبت سے پیدا کیا ہے اور ہمیں زندگی کی بھرپوری کے لیے بلایا ہے۔انہوں نے دْعا میں کہا کہ ہر انسان اپنے وجود کے پہلے لمحہ سے لے کر زمین پر اپنی زندگی کی آخری سانس تک ایک مقدس تحفہ ہے جو آپ کے چہرے کی جھلک پیش کرتا ہے۔انہوں نے مزید دْعا کی کہ آج ہم یہ فضل مانگتے ہیں کہ ہم ہر انسان کی منفرد اور ناقابلِ تکرار قدر کو پہچانیں اور اس کی حفاظت کریں۔
پوپ لیو نے خواہش ظاہر کی کہ ہم:
* زندگی کو بغیر کسی شرط کے قبول کرنا سیکھیں،
* کمزور اور نازک افراد کی محبت سے دیکھ بھال کریں،
* زندگی کے ہر مرحلے میں ہر انسان کے ساتھ احترام کا برتاؤ کریں،
*اور اْن لوگوں کے حق میں دلیری سے آواز بلند کریں جن کی اپنی کوئی آواز نہیں۔
انہوں نے خداوند سے دْعا کی کہ وہ ہمیں معاف کرے جب ہم بے حسی کا شکار ہو جاتے ہیں، یا ایسی” ترک ِثقافت“ (Culture of Discard) کو فروغ دیتے ہیں، جس میں ہم دوسروں کو محبت کے لائق انسان کے طور پر دیکھنے میں ناکام رہتے ہیں۔انہوں نے دْعا کی کہ اے خداوند! ہمیں ایک نیا دل عطا فرما، جو ہمیشہ زندگی کو اختیار کرنے کے لیے تیار ہو اور ایسے فیاض ہاتھ دے جو عملی اقدامات کے ذریعے انسانی زندگی کی حفاظت کریں۔
انہوں نے یہ بھی دْعا کی کہ کلیسیا انجیلِ حیات کی ایک زندہ گواہ بنے:
ایسا کھلا گھر، جہاں ہر زندگی کا خیرمقدم کیا جائے، کوئی شخص خود کو غیر ضروری یا ناپسندیدہ محسوس نہ کرے، اور جہاں ہر انسان کی عزت و وقار کو ہمیشہ تسلیم اور محفوظ رکھا جائے۔
آخر میں پوپ لیو نے دْعا کرتے ہوئے کہا کہ اے خداوند یسوع! ہمیں سیکھا کہ ہم نرمی، وفاداری اور کامل قربانی کے ساتھ زندگی سے اسی طرح محبت کریں جیسے تُو کرتا ہے۔خدا کرے کہ ہم اپنے الفاظ اور اپنے اعمال دونوں کے ذریعے یہ اعلان کریں کہ ہر انسانی زندگی اس قابل ہے کہ ہم اپنے آپ کو مکمل طور پر اس کے لیے وقف کر دیں۔
یاد رہے کہ پوپ کی عالمی دعائیہ نیٹ ورک (Pope’s Worldwide Prayer Network) کی بنیاد 1844ء میں Apostleship of Prayer کے نام سے رکھی گئی تھی اور یہ جیزوٹ جماعت (Society of Jesus) کے سپرد ایک پونٹیفیکل ادارہ ہے۔
دسمبر 2020ء میں پوپ فرانسس نے اسے ویٹیکن فاؤنڈیشن کا درجہ دیا، جبکہ جولائی 2024ء میں اس کے حتمی آئین (Statutes) کی منظوری دی گئی۔
یہ نیٹ ورک اس وقت 92 سے زائد ممالک میں موجود ہے، جہاں 2 کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ افراد ایک روحانی برادری کے طور پر خدا کے مشن کے لیے خود کو وقف کیے ہوئے ہیں۔اس نیٹ ورک کے مشن کا بنیادی مرکز ہر ماہ پوپ کی جانب سے دی جانے والی دعائیہ نیت ہے، جس کے ذریعے ایمان داروں کو انسانیت اور کلیسیا کو درپیش اہم مسائل کے لیے دْعا کرنے کی دعوت دی جاتی ہے۔