ماحولیاتی چیلنج پہلے سے کہیں زیادہ سنگین ہے۔ پاپائے اعظم لیو چہاردہم

 پاپائے اعظم لیو چہاردہم
پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ یکم اکتوبر 2026 کوپوپ لیو چہاردہم نے اٹلی کی کمپنی ہیرا گروپ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ آج دنیا کو درپیش ماحولیاتی مسائل پہلے سے کہیں زیادہ فوری توجہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں ”استعمال کرو اور پھینک دو“ کی عادت کو ختم کرکے ماحول کی دیکھ بھال اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہوگا۔
پوپ لیو نے کہا کہ استعمال ہونے والی ہر چیز کو صرف کچرا سمجھ کر پھینک دینا درست نہیں۔ ہمیں اپنے رویے میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایسے طریقے اختیار کرنے چاہئیں جن سے زمین کے محدود وسائل محفوظ رہیں۔ہیرا گروپ اٹلی کی ایک کمپنی ہے جو کچرے کو جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ پانی، گیس اور توانائی کے شعبہ جات میں بھی کام کرتی ہے۔ ماحول کا تحفظ، ری سائیکلنگ اور وسائل کا بہتر استعمال اس کے اہم مقاصد میں شامل ہیں۔پوپ لیو نے کہا کہ ماحول کی حفاظت صرف چیزوں اور مصنوعات تک محدود نہیں بلکہ اس کا تعلق انسانی محنت اور خود انسانوں سے بھی ہے۔ ہم اس دنیا میں رہتے ہیں اور اپنے فیصلوں اور کاموں کے ذریعے اس دنیا کو خدا کی عطا کے طور پر دیکھتے ہیں۔انہوں نے ہیرا گروپ کی ری سائیکلنگ کے شعبے میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ استعمال کرو اور پھینک دو کی ثقافت کو ذمہ داری اور دیکھ بھال کی ثقافت سے بدلا جا سکتا ہے۔
پوپ لیونے کہا کہ آج دنیا میں قدرتی وسائل کا بے تحاشا استعمال ہو رہا ہے جبکہ بڑی مقدار میں پیدا ہونے والے کچرے کو سنبھالنا بھی ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے طرزِ عمل میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ ایسا نظام قائم کیا جا سکے جو زمین کے محدود وسائل کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھ سکے۔
پوپ لیو چہاردہم نے کہا کہ مسیحیوں کو خدا کی دی ہوئی تخلیق اور قدرتی وسائل کو سمجھ داری اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے۔انہوں نے پوپ فرانسس کی تعلیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ری سائیکلنگ اور ایسی معیشت جس میں چیزوں کو دوبارہ استعمال کیا جائے، آنے والی نسلوں کے لیے ماحول کو محفوظ بنانے کا ایک اچھا طریقہ ہے۔پوپ لیو نے کلیسیا پر بھی زور دیا کہ وہ ماحول کے تحفظ کے حوالے سے اپنے عمل کے ذریعے مثال قائم کرے اور جن اصولوں کی تعلیم دیتی ہے، انہیں سب سے پہلے خود اپنی زندگی اور کام میں عملی طور پر اپنائے۔
دسمبر 2025 سے یہ کمپنی ویٹی کن میں بھی ماحولیاتی خدمات انجام دے رہی ہے۔ کمپنی کچرا جمع کرنے، اسے منتقل کرنے، دوبارہ قابلِ استعمال بنانے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کا کام کرتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ماحول دوست گاڑیاں استعمال کی جاتی ہیں۔ اپریل 2026 سے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں کچرا جمع کرنے کے لیے ایک برقی گاڑی بھی استعمال کی جا رہی ہے۔
2025 کے جوبلی سال کے دوران کمپنی نے پلاسٹک کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے۔ یہ اقدامات پوپ فرانسس کی ماحولیاتی انسائیکلیکل لاوداتو سی میں دی گئی ہدایات کے مطابق کیے گئے۔
 

Urdu Survey Popup