عید پاشکا ہمیں ایسی اُمید دیتی ہے جو کبھی ناکام نہیں ہوتی۔پاپائے اعظم لیو چہار دہم
مورخہ 5 اپریل 2026 کوسینٹ پیٹر اسکوائر میں پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے عید پاشکا کی یوخرستی عبادت کی صدارت فرمائی۔ انہوں نے پچاس ہزار سے زائد مومنین سے خطاب کرتے ہوئے انھیں یاد دلایا کہ مسیح کے جی اُٹھنے کی خوشخبری ہمیں ایسی اُمید دیتی ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی، ہمیں ایسی روشنی کی طرف لے جاتی ہے جو کبھی مدھم نہیں پڑتی اور ایسی خوشی دیتی ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا۔یعنی موت کو ہمیشہ کے لیے شکست دی جا چکی ہے اوراب موت کا ہم پر کوئی اختیار نہیں رہا۔پوپ لیو نے وضاحت کی کہ آج ساری کائنات نئی روشنی سے جگمگا رہی ہے اور ہم خوشی مناتے ہیں کیونکہ زمین سے حمد و ثنا کا نغمہ بلند ہوتا ہے۔مسیح مْردوں میں سے جی اُٹھا ہے اور اْس کے ساتھ ہم بھی نئی زندگی میں جی اُٹھتے ہیں!
پوپ لیو نے کہا کہ ایسٹر کا پیغام قبول کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، کیونکہ موت کی طاقت اندرونی اور بیرونی طور پر ہمیں متاثر کرتی ہے۔ اندرونی طور پر، ہمارے گناہوں کا بوجھ ہمیں اپنے پَر پھیلانے اور اْڑن بھرنے سے روک سکتا ہے۔دْکھ اور تکلیف ہمیں مایوسی میں ڈال سکتے ہیں اور ہم ایسے محسوس کرتے ہیں جیسے ہم ایک سرنگ میں پھنس گئے ہوں جس کا کوئی اختتام نظر نہیں آتا۔جبکہ بیرونی طور پر، دنیا میں ناانصافی، ظلم، غریبوں کا استحصال اور جنگ کی تباہی واضح نظر آتی ہے انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہونے والی زیادتیاں، منافع پرستی اور جنگ کی تباہی انسانیت کے زخموں کو ظاہر کرتی ہیں۔
پوپ لیو نے کہا کہ عید قیامت المسیح ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم اپنی نگاہیں بلند کریں اور اپنے دل کھولیں کیونکہ خداوند زندہ ہے اور ہمارے ساتھ ہے۔
انہوں نے پوپ فرانسس کے پہلے رسولی خط Evangelii Gaudium کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مسیح کا جی اُٹھنا صرف ماضی کا واقعہ نہیں بلکہ ایک زندہ قوت ہے جو دنیا میں کام کر رہی ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام میں پوپ لیو نے کہا کہ جی اُٹھا مسیح ہمیں یقینی اُمید دیتا ہے اور اْس کا جی اُٹھنا اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ ایک نئی زندگی، جو موت سے زیادہ طاقتور ہے، انسانیت کے لیے طلوع ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاشکا ایک نئی تخلیق اور ایک نئی شروعات ہے۔ایک ایسی اْمید ہے جس کی ہمیں موجودہ دور میں ضرورت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم بھی مریم مگدلینی کی طرح دوڑیں اور سب کو یہ خوشخبری سنائیں، تاکہ جہاں بھی موت کا سایہ ہو، وہاں زندگی کی روشنی چمکے۔
یادر ہے کہ 40سال سے یہ روایت جاری ہے کہ عید پاشکا کی یوخرستی عبادت میں سینٹ پیٹر اسکوائر 65 ہزار سے زائد ٹیولپس، ڈیفوڈلز اور دیگر پھولوں سے سجایا جاتا ہے۔اور ہر سال یہ پھول عید قیامت المسیح کے موقع پر Netherlands کی جانب سے پوپ کو بطور تحفہ پیش کئے جاتے ہیں، جس میں ڈچ پھول فروشوں، رضاکاروں اور بشپ کانفرنس کا تعاون شامل ہوتا ہے۔