عیدِ پاشکا نفرت کو ختم کرتی اور طاقتوروں کو جْھکا دیتی ہے۔ پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 4اپریل2026کو مقدس پطر س کے احاطہ میں ایسٹر ویجل ماس کے دوران پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے مومنین سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نجات کی اس پوری تاریخ کا مرکزی پیغام یہ ہے کہ خدا گناہ کی سختی جو تقسیم اور ہلاک کرتی ہے،کا جواب محبت کی قوت سے دیتا ہے، جو جوڑتی اور زندگی کو بحال کرتی ہے نیز عیدِ پاشکانفرت کو دور کرتی، ہم آہنگی کو فروغ دیتی اور طاقتوروں کو جْھکا دیتی ہے۔
پوپ نے کہا کہ اگرچہ قیامت المسیح کی کہانی کا مرکز مسیح یسوع کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا ہے، لیکن اس رات کا مقدس بھید صدیوں پر محیط ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ عبادت کے دوران پڑھی جانے والی نو تلاوتیں یعنی خدا کی تخلیق سے لے کر بنی اسرائیل کے مصر سے خروج تک، اور پھر مقدس پولوس کی خدمت تک، ہمیں مصالحت اور فضل کے راستے کے مختلف مراحل نظر آتے ہیں۔بعد ازاں پوپ لیو نے مقدس متی کی انجیل میں بیان کردہ مسیح کے جی اُٹھنے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب دو نوں مریم یسوع کی قبر پر آتی ہیں تو ایک زلزلہ آتا ہے اور قبر کے دہانے سے پتھر ہٹ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس لمحے میں وہ عورتیں خدا کی محبت کی اُس طاقت کو دیکھتی ہیں جو ہر برائی پرغالب ہے۔انسان جسم کو مار سکتا ہے، مگر خدا کی محبت کی زندگی ابدی ہے، جو موت سے بالاتر ہے اور جسے کوئی قبر قید نہیں کر سکتی۔
آخرمیں پوپ لیونے اُن قبروں کا ذکر کیا جو آج بھی کھلنے کی منتظرہیں، جیسے کہ بداعتمادی، خوف، خودغرضی، نفرت، جنگ، ناانصافی اور قوموں و افراد کی تنہائی۔انہوں نے حاضرین کو نصیحت کی کہ وہ ایسے حالات میں مایوس یامفلوج نہ ہوں، بلکہ مقدسین کے عزم کی پیروی کریں تاکہ عیدِ پاشکا کے تحفے ”ہم آہنگی اور امن“ ہر جگہ اور ہر وقت دنیا بھر میں پھلتے پھولتے رہیں۔