خدا ہمیں کبھی ردّ نہیں کرتا۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 8فروری 2026کو مومنین سے خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو چہاردہم نے کہا کہ یسوع مسیح سے ملاقات زندگی میں حقیقی خوشی، ذائقہ اور روشنی بھر دیتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مبارک بادیوں پر عمل کرنے سے دنیا بدلتی اور تاریکی کم ہوتی ہے۔
پوپ لیونے کہا کہ حقیقی خوشی ایک ایسے طرزِ زندگی سے جنم لیتی ہے جو رحم، امن اور انصاف پر مبنی ہو۔ کیونکہ جو شخص یسوع سے ملتا ہے،جو روح میں غریب، حلیم اور صاف دل ہے،وہ پھر بے رنگ اور بے مقصد زندگی کی طرف واپس نہیں جا سکتا۔
ایشعیا نبی کا حوالہ دیتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ بھوکوں کو کھانا دینا، غریبوں کو پناہ دینا اور ضرورت مندوں کا خیال رکھنا ناانصافی پر قابو پانے کے عملی طریقے ہیں اور انہی اعمال سے روشنی طلوع ہوتی اور زخم بھرنے لگتے ہیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض اوقات لوگ خود کو بیکار اور ٹوٹا ہوا محسوس کرتے ہیں، مگر یسوع اْمید دلاتاہے کہ خدا ہمیں کبھی ترک نہیں کرتا۔ وہ ہمارے نام جانتا ہے اور ہماری انفرادیت کی قدر کرتا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ لیو نے کہا کہ دوسروں کے لیے چھوٹے مگر خلوص بھرے اعمال خوشی کو دوبارہ زندہ کرتے ہیں اور یسوع کے ساتھ رفاقت ہمیں ”پہاڑی پر بسے شہر“کی مانند بناتی ہے۔ایسا شہر جو سب کے لیے امن اور سکون کی جگہ ہو۔