حقیقی راستبازی کے لیے عظیم محبت ضروری ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 15فروری 2026کوویٹی کن میں مومنین سے خطاب کرتے ہوئے پاپائے اعظم چہاردہم نے کہا کہ حقیقی راستبازی صرف احکام کی ظاہری پابندی سے نہیں بلکہ عظیم محبت سے حاصل ہوتی ہے کیونکہ انجیلِ مقدس ہمیں سکھاتی ہے کہ سچی راستبازی محبت میں مکمل ہوتی ہے۔
پوپ لیو نے وضاحت کی کہ یسوع ہمیں خدا کی بادشاہی کی نئی حقیقت میں داخل ہونے کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ وہ شریعت کو ختم کرنے نہیں بلکہ اْسے مکمل کرنے آیا۔
انہوں نے زور دیا کہ راستبازی صرف قوانین کی پابندی تک محدود نہیں بلکہ انسان کو محبت کی طرف راغب کرتی ہے۔ یسوع نے مختلف مثالوں کے ذریعے رسمی مذہبی راستبازی اور خدا کی بادشاہی کی راستبازی کے درمیان فرق واضح کیا۔پوپ لیو نے بتایاکہ خدا خود یسوع کی ذات میں انسانوں کے درمیان آیا تاکہ شریعت کو مکمل کرے، ہمیں باپ کے فرزند بنائے اور ایک دوسرے کے ساتھ بھائی چارے کے رشتے میں جوڑے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی راستبازی دراصل محبت ہے اور شریعت کے ہر حکم میں محبت کی دعوت پوشیدہ ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ لیو نے یاد دلایا کہ کم سے کم راستبازی کافی نہیں بلکہ ”عظیم محبت“ضروری ہے، جو خدا کے فضل سے ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے دْعا کی کہ مقدسہ مریم ہماری شفاعت کریں اور ہمیں خدا کی بادشاہی کو بہتر طور پر سمجھنے اور اْس کے تقاضوں کے مطابق زندگی گزارنے میں مدد دیں۔