انسانیت کا مستقبل باہمی تعاون اور انسانی عظمت کے احترام میں ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

انسانیت کا مستقبل باہمی تعاون اور انسانی عظمت کے احترام میں ہے۔
انسانیت کا مستقبل باہمی تعاون اور انسانی عظمت کے احترام میں ہے۔

مورخہ 16ستمبر2026کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کا مستقبل ہر فرد کے اس عزم پر منحصر ہے کہ وہ خدا اور اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ مل کر ایک زیادہ انسانی دنیا کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے۔
پوپ لیو نے کہا کہ جدید دنیا کی نمایاں خصوصیات میں انسانوں کا ایک دوسرے پر بڑھتا ہوا انحصار شامل ہے، تاہم اس باہمی تعلق کو افراد کے درمیان گہری رفاقت کی صورت اختیار کرنا چاہیے، جس کے لیے ہر انسان کی روحانی عظمت کا باہمی احترام ضروری ہے۔پوپ لیو نے کہا کہ آج کے دور میں یہ تعلیمات پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔ ٹیکنالوجی کی ترقی، ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کا پھیلاؤ اور مصنوعی ذہانت کا بڑھتا ہوا استعمال ایک طرف نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں، رکاوٹیں کم کر رہے ہیں اور فاصلے مٹا رہے ہیں۔تاہم دوسری جانب ان تبدیلیوں کے نتیجے میں تعلقات زیادہ مجازی اور کم شخصی بھی ہو رہے ہیں۔ اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ انسان ایسے فیصلوں کے لیے بھی اعداوشمار کی طرف رجوع کرنے لگیں جو انسانی ضمیر کے اختیار میں رہنے چاہئیں۔پوپ لیونے کہا کہ سماجی تعلقات میں حقیقی معنویت اور شخصی گہرائی کو یقینی بنانا وہ خدمت ہے جو مسیحی برادری دنیا کو پیش کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ تمام انسان ایک ہی خاندان کا حصہ ہیں اور انہیں ایک دوسرے کے ساتھ بہن بھائیوں کی طرح پیش آنا چاہیے۔ اسی لیے خدا اور پڑوسی سے محبت سب سے بڑا حکم ہے، جو مسیح میں اپنی مکمل حقیقت اور تکمیل پاتا ہے۔
پوپ لیو نے مزید کہا کہ تنازعات، جو تشدد کی صورت اختیار کر سکتے ہیں، گناہ کی قوت اور اس کے نتیجے میں انسانی سوچ اور اعمال پر پڑنے والے اثرات سے جنم لیتے ہیں، جو مختلف سطحوں پر تباہی اور موت کا سبب بنتے ہیں۔اس کے مقابلے میں انہوں نے لوگوں کو باہمی تعاون، شراکت داری اور ایک دوسرے کی دیکھ بھال کی روش اختیار کرنے کی ترغیب دی۔
 

Urdu Survey Popup