آئیں پاک یوخرست کے ذریعے اپنی زندگی کو بدلیں۔پوپ لیو چہاردہم
مورخہ24جون 2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے مومنین سے خطاب میں دوسری ویٹیکن کونسل کے دستاویز (Sacrosanctum Concilium) پر جاری سلسلہ تعلیمات کو آگے بڑھاتے ہوئے پاک یوخرست کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس بھید مسیحیوں کو مسیح کی مانند زندگی گزارنے اور اپنے آپ کو خدا کے لیے پیش کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیے، ایمان کے ساتھ الٰہی زندگی کے اس سرچشمے سے فیض حاصل کریں اور اس مقدس بھید کے ذریعے اپنی زندگیوں کو تبدیل ہونے دیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ دوسری ویٹیکن کونسل کی دستاویز کے دوسرے باب میں پاک یوخرست کو محبت کا مقدس نشان، اتحاد کی علامت، خیرات کا بندھن، اور فسح کی ایسی ضیافت قرار دیا گیا ہے جس میں مسیح خود اپنے آپ کو مومنین کے لیے پیش کرتے ہیں۔پوپ لیو نے یاد دلایا کہ پاک ماس کی اقدس قربانی میں شریک ہونے والے مسیحی محض تماشائی نہیں ہوتے بلکہ وہ یسوع مسیح کے ساتھ مل کر اپنے آپ کو بھی خدا کے حضور پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ہم اس قربانی میں شریک ہوتے ہیں تو ہمیں خدا کے کلام کو سننے اور خداوند کی میز سے روحانی غذا حاصل کرنے کی دعوت دی جاتی ہے کیونکہ اسی کے ذریعے انسان خدا کے ساتھ اور ایک دوسرے کے ساتھ گہرا اتحاد قائم کرتا ہے۔پوپ لیو نے کہا کہ پاک یوخرست کی اقدس قربانی میں میں شریک ہو کر ایمان دار یہ سیکھتے ہیں کہ وہ بھی اپنے آپ کو خدا کے لیے پیش کریں اور روز بروز مسیح کے وسیلے سے خدا اور ایک دوسرے کے ساتھ کامل اتحاد میں زندگی گزاریں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے فرمایا کہ یوخرستی عبادت ہمیں مسیح میں شامل کر کے ہمیں خداوند یسوع کی طرزِ زندگی اپنانا سکھاتی ہے، جو مکمل طور پر اپنے آپ کو دوسروں کے لیے آزادانہ طور پر پیش کرنے پر مبنی ہے۔اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ لیو چہاردہم نے دْعا کی کہ تمام مسیحی الٰہی زندگی کے اس لازوال سرچشمے سے روحانی غذا حاصل کریں اورپاک یوخرست کے ذریعے اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں تبدیل ہونے دیں۔