اسکاٹ لینڈ میں نئے سال کی عجیب رسم

دنیا کے مختلف ممالک میں نئے سال کے آغاز پر الگ الگ رسومات اور روایات ادا کی جاتی ہیں۔ کہیں آتش بازی کی جاتی ہے، کہیں دعائیں مانگی جاتی ہیں اور کہیں پرانے سال کو الوداع کہہ کر نئے سال کا استقبال خوشیوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ مگر اسکاٹ لینڈ میں نئے سال سے جڑی ایک ایسی انوکھی اور دلچسپ روایت موجود ہے جو باقی دنیا سے بالکل مختلف ہے۔ یہ روایت ”فرسٹ فْٹنگ“(First Footing) کہلاتی ہے اور صدیوں سے اسکاٹش ثقافت کا اہم حصہ چلی آ رہی ہے۔
اسکاٹ لینڈ میں اس بات کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے کہ نئے سال کے آغاز کے فوراً بعد گھر میں سب سے پہلے داخل ہونے والا شخص کون ہوتا ہے۔ اس پہلے آنے والے مہمان کو پورے سال کی قسمت، خوشحالی اور برکتوں کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ اگر پہلا قدم رکھنے والا شخص خوش قسمت ہوا تو پورا سال خوشیوں، صحت اور کامیابیوں سے بھرپور گزرے گا۔
اس رسم کے مطابق سب سے خوش قسمت پہلا مہمان وہ سمجھا جاتا ہے جو لمبا قد، گہرے بالوں والا مرد ہو۔ اس عقیدے کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ قدیم زمانے میں اسکاٹ لینڈ پر حملہ آور اکثر سنہری بالوں والے ہوا کرتے تھے، اس لیے ہلکے بالوں والے افراد کو بدشگونی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ یوں گہرے بالوں والے شخص کو خوش قسمتی اور تحفظ کی علامت مان لیا گیا۔
فرسٹ فْٹنگ صرف کسی کا دروازہ کھٹکھٹانا یا اندر آنا ہی نہیں ہوتا بلکہ اس کے ساتھ مخصوص تحفے بھی لائے جاتے ہیں۔ عام طور پر پہلا مہمان اپنے ساتھ کوئلہ، روٹی، نمک یا الکحل لاتا ہے۔ کوئلہ گھر میں گرمی اور آسودگی کی علامت ہے، روٹی یا کیک خوراک کی فراوانی کی نشانی، نمک خوشحالی اور حفاظت کی علامت جبکہ الکحل خوشی، جشن اور دوستی کا پیغام دیتی ہے۔ ان چیزوں کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ آنے والا سال گھر والوں کے لیے ہر لحاظ سے مکمل اور خوشگوار ثابت ہو۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی گھروں میں باقاعدہ منصوبہ بندی کی جاتی ہے کہ پہلا قدم کون رکھے گا۔ بعض اوقات خاندان کے کسی فرد کو باہر بھیج دیا جاتا ہے تاکہ وہ عین بارہ بجتے ہی دروازہ کھٹکھٹا کر“فرسٹ فٹر”بن سکے۔ یہ منظر نہایت خوشگوار ہوتا ہے، جہاں قہقہے، نیک تمنائیں اور مبارکبادوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔
اسکاٹ لینڈ میں نئے سال کی تقریبات کو ہاگمینی (Hogmanay) کہا جاتا ہے، جو صرف ایک رات کا جشن نہیں بلکہ کئی دنوں تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران گلیوں میں موسیقی، روایتی رقص، آتش بازی اور اجتماعی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔فرسٹ فْٹنگ اسی بڑے جشن کا ایک روحانی اور ثقافتی پہلو ہے، جو لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔
یہ روایت اسکاٹ لینڈ کے لوگوں کی سوچ کی عکاسی کرتی ہے، جہاں مہمان نوازی، دوستی اور نیک نیتی کو بہت اہم مقام حاصل ہے۔ پہلا قدم دراصل اس اْمید کی علامت ہوتا ہے کہ نیا سال نیک نیتی، خوش اخلاقی اور اچھے تعلقات کے ساتھ شروع ہو۔
یوں اسکاٹ لینڈ کی یہ عجیب مگر خوبصورت روایت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ زندگی کا آغاز، چاہے وہ ایک نیا سال ہی کیوں نہ ہو، مثبت سوچ، اچھی نیت اور خوش دلی کے ساتھ کیا جائے۔ کیونکہ بعض اوقات ایک چھوٹا سا قدم بھی پورے سال کی سمت کا تعین کر دیتا ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail