کہیں سردی کہیں گرمی کہیں بارش کہیں دھوپ
خدا نے پاکستان پر خاص رحمت نازل کی ہے اور ہمارے محبوب وطن کو چار موسموں سے نوازا ہے اور اس میں ہر موسم کا اپنا مزہ ہے۔موسم گرما پاکستان کا لمبا ترین موسم ہے جس کا عرصہ تقریبا سات ماہ تک ہوتا ہے۔ دوسرا موسم،موسمِ سرما ہے جس کا اپنا مزہ ہے پہاڑوں پر برف باری ہوتی ہے جو گرمیوں میں پگھل کر ہماری فصلوں کو سیراب کرتی ہے۔ اس کے بعد بہارکاموسم آتا ہے جو موسموں کی ملکہ ہے۔اور اس میں جو پھول کھلتے ہیں وہ قابلِ دیدہوتے ہیں ہر سال پاکستان کے مختلف شہروں میں بہار کے موسم میں پھولوں کی نمائش لگتی ہے۔اس کے بعد چوتھا موسم خزاں ہوتا ہے جس میں پْرانے پتے گر جاتے ہیں اور نئے پتے نکل آتے ہیں۔
چند سال قبل سے ہی ان تمام موسموں نے اپنے اوقات کار تبدیل کر لیے ہیں۔ فروری کے آخر اورمارچ کے اوائل میں چند روز کی چمکتی دھوپ کے بعد ایسے معلوم ہوتا تھا جیسے موسم گرما آن پہنچا ہے اور اپریل کے اختتام پردھوپ چبھنے لگتی تھی،لیکن گزشتہ مہینوں کی بارشوں نے موسم یکدم بدل دیااور سردی سے بچنے کے لئے کوٹ اور جرسیاں پہننا پڑے، ٹھنڈی ہوا اور سردجھونکھوں نے موسم کو خوشگوار بلکہ سر بھی د کر دیا، موسم سرما کے ملبوسات جوکہ سنبھال لیے گئے تھے دوبارہ نکالنے پڑے، ان بے وقت کی بارشوں نے موسم کے اثرات اور اوقات ہی بدل دئیے ہیں۔ اب تو مارچ ختم ہونے والا ہے اور اس موسم میں بھی سردی محسوس ہو رہی ہے۔ہمارے ہاں خاتونِ خانہ جنوری کا مہینہ ختم ہوتے ہی موسمِ گرما کے ملبوسات کی تیاری میں مصروفِ عمل ہو جاتی ہیں۔بے شک اب موسم سرما ایک دو ماہ کا مہمان ہوتا تھا لیکن اب تو یہ موسم نے بھی اپنے اوقات بڑھا لیے ہیں،موسم بہارفروری کے وسط میں شروع ہوتا ہے اورمارچ تک رہتا ہے، ادھر سردیاں اختتام کو پہنچیں تو موسم بہار نے جنم لیا،بچوں کے چہروں سے عیاں ہوگیا کہ دانت بجنے کا موسم رُخصت ہو گیا ہے اورگرم کپڑوں کی جگہ ہلکے پھلکے ملبوسات بچوں نے زیب تن کئے ہوئے ہیں۔موسم کے اعتبار سے ابھی تک موسم بہار ہی محسوس ہو رہا ہے وگرنہ ماضی میں سورج کو اتنی جلدی ہوتی تھی کہ فروری کے اختتام اور مارچ کے آغاز میں ہی آنکھیں دکھانے لگتاتھا۔ رواں موسم کا یہ عالم ہے کہ ماہ مار چ ختم ہونے کو ہے اورموسم انتہائی خوشگوار ہے، سورج اور بادل آنکھ مچولی کھیل رہے ہیں کبھی سورج بادلوں کی اوٹ میں چھپ جاتا ہے توکبھی آنکھیں دکھانے لگتا ہے،اس کے باوجود وہ تیز دھوپ چبھن والی گرمی محسوس نہیں ہوتی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل کے اختتام اور مئی کے آغاز تک گرمی میں تیزی آ سکتی ہے۔
ہم خوش قسمت ہیں کہ چار موسموں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ موسم سرما،گرما، بہار اور خزاں، ہر موسم اپنی جگہ ہمارے لیے بہاریں لے کر آتا ہے۔خدا ہمیشہ ہمارے وطنِ عزیز کو آباد رکھے۔آمین