چائے، زندگی کی لہر

صبح سویرے آنکھ کھلتے ہی گرم گرم چائے کی پیالی زندگی کو ایک نئی نوید دیتی ہے۔ شہرہو یا گاؤں، عورت ہو یا مرد چائے کے دو گھونٹ ہی نئی صبح کا آغاز ہیں۔چائے ایشیاء میں سب سے زیادہ مقبول اور بڑے پیمانے پر پی جانے والے مشروبات میں سے ایک ہے اور کچھ لوگ تو چائے کے اس قدر شوقین ہوتے ہیں کہ جب تک اُن کے ہاتھ میں چائے کا کپ نہیں آتا تو اُن کی آنکھیں نہیں کُھلتیں۔

پاکستانی ثقافت میں چائے کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔ پاکستان میں چائے کی پیداوار نہیں ہے، لیکن یہ دنیا میں چائے کا تیسرا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے۔ دنیا بھر میں چائے استعمال کرنے والے ممالک میں یہ ساتواں درجہ رکھتا ہے۔

19 ویں صدی میں انگریزوں نے ہندوستان میں چائے کے بیج ڈالے اور نتیجہ اس قدر زبردست نکلا کہ آج چائے کی پیداوار اور برآمدات میں ہندوستان کا صف اول میں شمار ہوتا ہے۔چین چائے کی پیداوار میں سب سے آگے تھا۔وقت کے ساتھ ہندوستان کی چائے نے چین کی چائے پر فوقیت حاصل کر لی۔ آسام کی چائے کے ساتھ دوسرے مناطق کی چائے بھی اس دوڑ میں شامل ہوتی گئیں اور آج ہندوستان میں بے شمار چائے کمپنیاں ہیں جن میں بروک بونڈ، لپٹن اور تاج محل وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔

پاکستان بھر میں مختلف علاقوں سے چائے کے اپنے مختلف ذائقے اور مختلف قسمیں ہیں، پاکستانی چائے کی ثقافت انتہائی متنوع حسین امتزاج دیتی ہے۔ کراچی میں، کالی چائے اور مسالا چائے مقبول ہیں جبکہ گاڑھی دودھ والی دودھ پتی کو پنجاب میں زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔ بسکٹ، پکوڑے، سموسے اور مٹھائی وغیرہ عام پکوان ہیں جو چائے کے ساتھ پیش کیے جاتے ہیں۔ ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں، بشمول خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اکثر کشمیر میں مقبولِ عام سبز چائے ہے جسے ''قہوہ'' کہا جاتا ہے، ان خطوں کی غالب اکثریت پیتی ہے۔کشمیر میں، کشمیری چائے یا نون چائے ایک گلابی، دودھیا چائے مع پستہ اور الائچی،خاص مواقع پر بنیادی طور پر استعمال کی جاتی ہے، جیسے شادیوں میں اور موسم سرما کے مہینوں کے دوران میں استعمال کیا جاتا ہے۔جبکہ مزید شمال میں چترال اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں، وسطی ایشیائی ترکیب والی نمکین مکھنی تبتی طرز چائے استعمال کی جاتی ہے۔

موجودہ دور میں، چائے کی بہت سی قسمیں ہیں جو مقبولیت حاصل کررہی ہیں، یہ چائے وزن کم کرنے میں مدد کرنے سے لے کرذہنی سکون برقرار رکھنے میں مفید ثابت ہورہی ہیں۔

تُلسی کی چائے ذہنی تناؤ ختم کرتی ہے۔سبز چائے نے دُنیا بھر میں بڑے پیمانے پر مقبولیت حاصل کی ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈینٹ کی ایک صف میں مالا مال ہے، جو آزاد ریڈیکلز کے ذریعہ ہونے والے نقصان کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ وزن کم کرنے میں مدد دینے کے علاوہ، سبز چائے ذیابیطس، بلڈ پریشر اور حتیٰ کہ کولیسٹرول کے معاملات میں مبتلا افراد کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

لیموں کی چائے وزن میں کمی لانے کے لیے بہت مشہور ہے۔ لیموں آپ کو وٹامن سی کی ایک خوراک مہیا کرتا ہے جس سے یہ قوت مدافعت کے مضبوط نظام میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ لہٰذا آپ روزانہ دن میں ایک سے دو بار لیموں کی چائے پی کر یہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

ادرک کی چائے ان لوگوں کے لیے بہت مفید ہے جو روزانہ کی بنیاد پر بدہضمی کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔ آپ اپنی روزمرہ والی بنائے جانے والی چائے میں ایک ٹکڑا ادرک کا شامل کرکے پی سکتے ہیں، اس سے آپ کا نظام ہاضمہ بہتر طریقے سے کام کرسکے گا، اس کے علاوہ ادرک کی وجہ سے آپ کو درد، متلی، سردی، فلو اور قبض جیسے مسائل سے بھی نجات مل سکتی ہے۔

کیمومائل چائے میں ایسی خصوصیات ہیں جو اچھی نیند میں مدد فراہم کرسکتی ہیں۔ اس سے فوائد حاصل کرنے کے لیے سونے سے پہلے لازمی ایک کپ کیمومائل کی چائے لیں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail