پانڈا

پانڈا

لڑھکتا،پتے کھاتا اور آہستہ آہستہ چلتاہوا دورسے بڑے ریچھ جیسانظرآنے والا یہ جانورپانڈا کہلاتا ہے۔ اسکاتعلق ریچھ کے خاندان سے ہے۔یہ گول مٹول ساجانوراپنے موٹے اور لمبے جسم کے باعث دیوقامت یا جناتی پانڈا بھی کہلاتاہے۔حیوانات کے ماہرین اسے ریچھ کی ایک قسم بیان کرتے ہیں اوراسے پانڈا ریچھ کہتے ہیں۔ہم بھورے،سیاہ ریچھ اور برفانی ریچھ کو پانڈاکے کزن کہہ سکتے ہیں۔پانڈاچین کے مرکزی صوبوں میں موجود بانس کے جنگلات میں پایاجاتاہے۔یہ وہاں بانس کے درختوں کے جھنڈمیں گیلی مٹی کوکھودکرگڑھابناتاہے اوراس میں چُھپارہتاہے۔
پانڈے کی کھال سیاہ اور سفید،ٹانگیں چھوٹی،بڑااورگول چہرہ،کان چھوٹے اور آنکھیں سیاہ رنگ کی ہوتی ہیں۔اس کی ٹانگیں،دُم اورکندھے سیاہ رنگ کے جبکہ باقی جسم کا رنگ سفیدہوتاہے۔اس کے پچھلے پنجے پیچھے کی جانب مڑے ہوئے ہوتے ہیں،جس کے باعث یہ عجیب طریقے سے چلتاہے۔ریچھ کی طرح پانڈااپنی پچھلی ٹانگوں پر کھڑاہو سکتاہے اور پانی میں تیربھی سکتاہے۔یہ پانی سے دور رہتاہے اور چڑھائی پرآسانی سے چڑھ جاتاہے۔پانڈاکی نظر دن کے وقت کم زور ہوتی ہے،مگررات کے وقت اس کی نظر خاصی تیز ہوجاتی ہے۔اس کی سونگھنے کی حِس بہت تیز ہے،جس سے یہ خوراک اور اپنے ساتھیوں کو تلاش کرتاہے۔ ایک جوان پانڈے کا قد6فیٹ اور وزن1000کلوگرام تک ہوتاہے۔اس کی کھال چار انچ موٹی اور بڑی ملائم ہوتی ہے۔یہ کھال اسے شدید سردی سے محفوظ رکھتی ہے۔ اس کی کھال پر پانی اور نمی کا اثر بالکل نہیں ہوتا۔اس کی دانت ریچھ کی طرح تیز ہوتے ہیں،جن سے یہ آسانی سے گوشت کھاسکتاہے،مگر99فی صد پانڈابانس کے پتے،کونپلیں اورسبزتنے کھاتے ہیں۔پانڈاکبھی کبھارچھوٹے جانورچوہے وغیرہ بھی کھالیتے ہیں۔اس کے اگلے پنجوں میں 6انگلیاں اور ایک چھوٹا ساانگوٹھاہوتاہے۔جس کی مددسے یہ انسانوں کی طرح بانس کے درختوں کی شاخیں پکڑتااور چھیلتاہے۔ مادہ پانڈا بہارکے موسم میں ایک یا دوبچے دیتی ہے۔پیدائش کے وقت یہ بچے ایک بڑے چوہے جتنے ہوتے ہیں۔ماں بچوں کو تقریباََایک سال تک دودھ پلاتی ہے اور ڈیڑھ سال تک اپنے پاس رکھتی ہے۔اس کے بعد یہ خود سے رہنے لگتے ہیں،جنگل میں پانڈا20سال تک اور چڑیاگھرمیں 30سال تک زندہ رہتاہے۔چین میں پانڈاکو وہی مقام حاصل ہے،جوکیوی پرندے کو نیوزی لینڈمیں حاصل ہے۔چین کی اکثر کمپنیوں کے لوگو پر پانڈا کی تصویر ہے۔کئی شہروں میں پانڈاکے مجسمے اور اشتہار نظرآتے ہیں۔چینی بچے اور بڑے اس جانورکے ساتھ تصویربنانا پسند کرتے ہیں۔چین کے ہر چڑیا گھر میں یہ   جانورپایاجاتاہے۔پرانے دورمیں چینی لوگ اس کی ہڈیوں کو مختلف مذہبی رسومات میں استعمال کرتے تھے۔کئی کتابوں میں اس کا ذکربرائی کی طاقت رکھنے والے جانورکے طورپر ملتاہے۔تقریباََ تین صدی پہلے پانڈاچین کے علاوہ ویت نام،میانمر(برما)،لاؤس اور ہمالیہ کے کئی جنگلات میں پایاجاتاتھا۔اس کی موٹی کھال کے باعث اسے بہت زیادہ شکارکیاگیا،اس طرح یہ صرف چین تک محدود رہ گیا۔جنگلات کے کٹاؤکی وجہ سے بھی اس کی آبادی متاثرہوئی ہے۔چین کی حکومت نے اسے شکارکرنے اور پکڑنے پر پابندی لگادی ہے۔ پانڈاکی تصویرعالمی ادارہ برائے تحفظ حیوانات کے علامتی نشان (لوگو)پر نمایاں ہے۔
پانڈاکی دواقسام ہیں قن ڈنگ پانڈااور سرخ پانڈا، یہ چین میں پائی جاتی ہیں۔دنیامیں جتنے بھی پانڈاہیں،وہ تمام چین کی ملکیت ہیں۔چین سے باہر تمام پانڈاچین نے لیز پر حاصل کررکھے ہیں۔قن ڈنگ پانڈا،جناتی پانڈاسے قداور وزن میں خاصاچھوٹاہوتاہے۔اس کی خاص نشانی بھوری اور سفیدکھال ہے۔اس کا وزن کم ہوتاہے،جس وجہ سے یہ درختوں پر کافی اونچائی تک چڑھ سکتاہے۔اس کو بھوراپانڈابھی کہتے ہیں۔اس کا سرعام پانڈاسے چھوٹااور گول اور دانت بڑے ہوتے ہیں۔اس وقت یہ300کی تعدادمیں پائے جاتے ہیں۔ سرخ پانڈاکو چھوٹاپانڈااورسرخ بلی نماریچھ بھی کہاجاتاہے۔یہ جنوب مغربی چین اور مشرقی ہمالیہ کے پہاڑوں میں پایاجاتاہے۔یہ قدوقامت میں پالتو بلی سے تھوڑابڑاہوتاہے۔اس کی کھال سرخی مائل،دُم موٹی،کان نوکیلے اور چہرہ سرخ اور سفید ہوتاہے۔اس کی اگلی ٹانگیں چھوٹی اور پچھلی بڑی ہوتی ہیں۔اس لیے یہ عجیب طریقے سے چلتاہے۔ یہ تیندوے کی طرح پھرتی سے درختوں پر چڑھ جاتاہے۔یہ بانس کے علاوہ کیڑے،انڈے اور پرندے بھی کھاجاتاہے۔ان کی تعدادبہت کم ہے اورعمر زیادہ سے زیادہ22 سال تک ہوتی ہے۔سرخ پانڈابہت غصیلاہے اور تنگ کرنے پر فوراََحملہ کردیتاہے۔
پانڈاکم گوجانورہے اور بہت کم آوازنکالتاہے۔ایک دوسرے کو بلانے کے لیے یہ ہلکی آوازمیں غراتایاخرخرکرتاہے۔یہ انسان کو دیکھ کر فوراََ چھپ جاتا ہے۔اگراسے پیاراکیا جائے توجلدانسان سے مانوس ہوجاتاہے۔یہ دن میں 14گھنٹے سویارہتاہے اور باقی وقت کھانے پینے میں اورسستی سے ایک جگہ بیٹھ کر گزاردیتاہے۔ایک دن میں پانڈا15 کلو گرام تک خوراک کھاجاتاہے۔پانڈاکو چڑیاگھرمیں رکھناخاصامہنگاہے،کیوں کہ اس کے کھانے کے تازہ بانس کے درخت مہیاکرنابہت مہنگاپڑتاہے۔چین کی قدیم تاریخ میں پانڈاکاذکرملتاہے۔
پانڈاکے بچوں کو پہاڑی گیدڑ،برفانی چیتااور پہاڑوں میں پایاجانے والا نیولے جیساجانورمارٹن شکارکرتے ہیں۔بڑاپانڈا اپنے طاقت ور جسم کے باعث ان جانوروں کے قابومیں نہیں آتا۔مادہ پانڈااپنے بچوں کی حفاظت کے لیے اکثر ان جانوروں کو کاٹ کر یا پنجے مارکر بھگادیتی ہے۔اس وقت چین میں 70ہزارکے قریب جگہوں پر پانڈاآزادی سے رہ رہاہے۔پانڈاکو بچوں کی کئی کارٹون فلموں اور فیچرفلموں میں پیش کیاگیاہے۔

Tags

Daily Program

Livesteam thumbnail