دنیا کی سب سے گول قدرتی جھیل کنگسلے
دنیا کی سب سے گول لیکن قدرتی جھیل فلوریڈا میں واقع ہے۔ اسے کنگسلے جھیل کہا جاتا ہے جس کا دوسرا نام چاندی کے ڈالر والی جھیل بھی ہے۔ فلوریڈا کلے کانٹی میں واقع یہ جھیل پوری ریاست میں ماہی گیری کا بہترین مقام بھی ہے۔ لیکن اس کی وجہ شہرت یہ ہے کہ گویا کسی نے پرکار سے انتہائی گول دائرہ کھینچ کر اس میں پانی بھردیا ہو۔ لیکن اس کی گولائی کا اندازہ اسی وقت ہوتا ہے جب اسے بلندی سے دیکھا جائے۔ دیکھنے والے اس کی درست خمیدگی دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔
پوری جھیل کا گھیر دو میل یا ساڑھے چار کلومیٹر ہے اور ساحلی رقبہ ساڑھے پانچ میل تک ہے۔ جھیل کی اوسط گہرائی 90 فٹ ہے جو اسے فلوریڈا کی سب سے گہری جھیل بھی بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ فلوریڈا کی یہ بلند ترین اور سب سے پْرانی جھیل بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے۔اگرچہ جھیلیں کئی اشکال اور خدوخال رکھتی ہیں، لیکن کنگسلے جھیل اپنی خاص دائرہ صورت کی بنا پر سیاحوں میں بہت مقبول ہے اور لوگ اسے دور دور سے دیکھنے آتے ہیں۔