بروکلی

لفظ بروکلی اطالوی زبان کے لفظ ”بروکو“سے ماخوذ ہے، جس کے معنی گوبھی پھول کا اوپر والا حصہ ہے۔ بروکلی کو عام طور پر کچا یا ابال کر کھایا جاتا ہے۔ اس کے پتوں کو بھی کھایا جاتا ہے۔ بروکلی کو اطالوی نسل ”براسیکا الیرسیا“ کے کلٹیور گرو میں شمار کیا جاتا ہے۔ بروکلی کے پھول عام طور پر بڑے اور سبز رنگت کے ہوتے ہیں۔ دیکھنے میں ایسے درخت سے مماثلت رکھتا ہے جس کی شاخیں موٹے تنے سے پھوٹ رہی ہوتی ہیں۔گوبھی کی نسل سے تعلق رکھنے والے اس پودے کے پھول کو سبزی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے تنے کو بھی کھایا جاتا ہے۔
گوبھی کے خاندان سے تعلق رکھنے والی بروکلی (Broccoli)اپنے بے شمار فوائد کی وجہ سے تیزی سے دنیا بھر میں مقبول ہورہی ہے اور اسے دنیا کی صحت بخش ترین خوراک قرار دیا جارہا ہے۔100گرام بروکلی میں 89.30گرام پانی‘ 2.82گرام لحمیات‘ 2.6گرام ریشہ‘ 47ملی گرام کیلشیم‘ 21ملی گرام میگنیشم‘ 316ملی گرام پوٹاشیم‘0.41گرام جست‘ 0.3071ملی گرام تھائمن‘ 0.639ملی گرام نیاسین‘ 0.78ملی گرام وٹامن ای‘ 89.2 ملی گرام وٹامن سی‘ 0.73ملی گرام فولاداور 33ملی گرام سوڈیم سمیت دیگر کئی اہم غذائی
 اجز ُاشامل ہوتے ہیں۔
بروکلی کے حوالے سے کی جانے والی جدید تحقیقات کے مطابق اس میں کولیسٹرول کم کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔تحقیق کے مطابق بروکلی کے مسلسل استعمال سے جوڑوں کے درد کے عارضہ کو بڑھنے سے نہ صرف روکا جاسکتا ہے بلکہ اس سے محفوظ بھی رہا جاسکتا ہے۔یہ بھی کہا جاتا ہے کہ بروکلی میں ایک خاص مرکب پایا جاتا ہے جو ہڈیوں کو نقصان پہنچانے والے انزائم یا کیمیائی خمیر کاراستہ روکتا ہے۔ ہڈیوں کو نقصان سے بچانے والا یہ مرکب ”گلوکو رافانن“کہلاتا ہے۔
اب تک کی جانے والی کئی جدید تحقیقات کے مطابق بروکلی میں موجود پوٹاشیم اعصابی نظام کی بہتری میں معاون ثابت ہوتا ہے۔یہ دماغی افعال کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ پٹھوں کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔پوٹاشیم کے ساتھ میگنیشم اور کیلشیم بلند فشار خون کو قابو میں رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ اس میں موجود وٹامن سی سردی سے بچانے میں مددگار ہوتا ہے۔اس میں موجودگلکوریپائنن(glucoraphanin) جلد کے خلیوں کو ٹو ٹ پھوٹ سے بچاتا ہے۔ بروکلی میں موجود اعلیٰ درجے کا کیلشیم اور وٹامن کے ہڈیوں کو خستگی سے بچاتا ہے۔ ایک پیالی بروکلی میں ایک پیالی چاول یا  ایک بھٹے سے زیادہ لحمیات ہوتے ہیں جب کہ حراروں کی مقدار اس سے نصف ہوتی ہے۔یہ قبض سے بچاتاہے،ہاضمے میں مدد دیتا ہے اور خون کی شکر کو قابو میں رکھتا ہے۔اس کا استعمال دل کے دورے اور فالج کے خطرے سے محفوظ رکھتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بروکلی کی خاصیتوں سے فائدہ اُٹھانے کے لئے اسے بھاپ میں پکانا ضروری ہے۔ زیادہ پکانے سے اس کے غذائی اجزاضائع ہوجاتے ہیں۔ہفتہ میں کم از کم 3مرتبہ ایک سے 1½پیالی بروکلی کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں۔حل پذیر ریشے اور غیر حل پذیرریشے دونوں جسم کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔خوش قسمتی سے بروکلی سے یہ دونوں ریشے بیک وقت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔محض 100گرام بروکلی 2 دن کی وٹامن سی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے کافی ہے۔”گولڈن اسٹیٹ“ کیلی فورنیا اپنے عوام کے لئے 90فیصد بروکلی خود پیدا کرتا ہے۔اسی وجہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اس کا نام تبدیل کرکے ”بروکلی اسٹیٹ“ رکھ دینا چاہئے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail