مقدس بیناڈکٹ(عظیم راہب)
آپ 480 میں اٹلی کے مقام نوریسہ میں پیدا ہوئے۔ دورانِ تعلیم آپ کو اس بات سے شدید صدمہ پہنچا کہ ہر طرف بدامنی پھیلی ہوئی ہے۔ اسی لئے آپ اپنے گھر کو خیر باد کہہ کر درویشانہ زندگی بسر کرنے کی غرض سے ایک غار میں جا بسے۔ آپ نے اس وقت کے عظیم مذہبی رہنماؤں سے بھی فیض حاصل کیا۔ آپ اپنی دعائیہ اور سخت ریاضتی زندگی کی وجہ سے مشہور ہونے لگے۔ آپ کی پاکیزگی کا چرچا یہاں تک ہونے لگا کے دور دور سے لوگ آپ کے پاس آنے لگے۔ اس لیے آپ نے جگہ جگہ راہب خانے بنانا شروع کر دیئے۔ 529 میں آپ مونٹے کیسنو روانہ ہوئے اور وہاں پر بھی آپ نے ایک عظیم الشان راہب خانہ بنوایا جو بعد ازاں یورپ میں راہبانہ زندگی کا بڑا اور اہم مرکز بن گیا۔ آپ نے راہبانہ زندگی کیلئے قواعد و ضوابط اور قوانین بھی تحریر کئے جو کہ بعد میں بہت ساری مذہبی اور راہبانہ جماعتوں کے لئے رہنما اصول ثابت ہوئے۔ان اصولوں کا نچوڑ کام، عبادت اور اس کے ساتھ ساتھ مذہبی زندگی میں پختگی، کاملیت، خود انکاری، نفس کشی، ضبطِ نفس، ریاضت، حلیمی، تابعداری، خاموشی اور دنیا داری سے لاپرواہی پر مبنی تھا۔یہ قوانین آج بھی آپ کے نام کے حوالے سے ہی جانے جاتے ہیں۔ آپ خداوندیسوع سے محبت اور دانشمندی کی خوبی پر زور دیتے تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آپ نے نہ صرف مردوں کے لیے بلکہ خواتین کے لیے بھی کانوینٹ قائم کیے۔جہاں بہت ساری عورتیں راہبانہ زندگی بسر کرنے کے لئے آتی تھیں۔ آپ کی بہن سیکولاسٹیکا بھی ایک راہب اور راہب خانے کی انچارج تھیں۔ کلیسیا میں آپ کی بہن کو بھی مقدسہ ہونے کا درجہ حاصل ہے۔جب آپ کا آخری وقت آیا تو آپ کو اْٹھا کر راہب خانے کے گرجا گھر میں رکھا گیا اور وہاں آپ نے اپنے ہاتھ آسمان کی طرف بلند کئے اور دْعا کرتے ہوئے 21 مارچ 547 میں ابدی نیند سو گئے۔