مقدس اِندریاس رسول

 مقدس اِندریاس کے نام کے یونانی زُبان میں معانے ”Manly“یعنی ایک بہادر اور نڈر مرد ہونے کے ہیں۔ آپ کی سوانح ِ حیات بہت سادہ اور دِلکش ہے۔ رواتاً پتا چلتا ہے کہ مقدس اِندریاس نے (پانچ سے دس خ۔س) کے درمیان بیت ِصدا کی سرزمین پر جونا (باپ کا نام)اور جوانا(ماں کا نام) آنگن میں آنکھ کھولی۔آپ کے چھوٹے بھائی کا نام شمعون تھا۔ آپ کاباپ جونا اپنے دوست زبدی اور اُس کے بیٹوں یعقوب اور یوحنا کے ساتھ ماہی گیری (مچھلیاں پکڑنے والے)کا کارو بار کرتا تھا۔بچپن ہی سے آپ میں کلام ِ خدا کو جاننے کی تشنگی پائی جاتی تھی۔ اِس لئے پانچ سال کی عمر میں ہیکل میں جاتے اورمذہبی عالموں اور ربیوں سے الہٰی نوشتوں اور صیحفہ جات کے بارے تعلیم حاصل کرتے۔ اِس کے علاوہ علمِ اعداد اور اِجرام ِ فلکی کا بھی مطالعہ کیا۔ دریائے اْردن کے کنارے آپ کی مُلاقات خدا کے بھیجے ہوئے نبی یوحنا اِصطباغی سے ہوئی۔ جو کہ دریائے اْردن میں لوگوں کو پانی کا بپتسمہ دیتا اور اُنہیں اِس بات کی تعلیم دیتا کہ خداوند کی بادشاہی نزدیک آ گئی ہے توبہ کرو اور خداوند پر اِیمان لاؤں۔ اِندریاس نے بھی یوحنا اِصطباغی سے پانی کا بپتسمہ پایا اور اُس کی شاگردیت میں آ گیا۔ یاد رہے کہ مقدس اِندریا س اور مقدس پطرس یسوع مسیح کے پیچھے آنے سے پہلے مقدس یوحنا اِصطباغی کے شاگرد تھے۔  
اور جب اِس کی مُلاقات یسوع مسیح سے ہوئی تو وہ اپنے بھائی پطرس کو لے کر یسوع مسیح کے پیچھے ہولیا۔ مقدس اِندریا س یسوع مسیح کا پہلا شاگرد اور رسول ہے۔ مقدس یوحنا رسول اپنی اِنجیل کے پہلے باب میں یوں لِکھتا ہے کہ ”دوسرے دِن پھر یوحنا مع اپنے دو شاگردوں کے کھڑا تھا۔اُس نے یسوع پر جو جا رہا تھا نِگا ہ کر کے کہا کہ دیکھو۔ خدا کا برہ“(مقدس یوحنا 36-35:1)۔اور جیسے ہی اِندریا س اور پطرس نے یوحنا کے مُنہ سے یہ الفاظ سُنے وہ یوحنا اِصطباغی کو چھوڑ کر یسوع مسیح کے پیچھے ہولئے۔اِندریا س ہی نے اپنے چھوٹے بھائی شمعون کو یسوع مسیح سے متعارف کروایا۔ جِسے یسوع مسیح نے نیا نام کیفا(پطرس)دِیا۔ اور اُنہیں اپنے شاگرد ہونے کے لئے قُبول کیا۔ اوریسوع مسیح کے پہلے شاگرد ہونے کا اعزاز بھی اِنہی دونوں بھائیوں کو حاصِل ہوا۔ رو ٹیوں کے معجزے کے وقت بھی اِندریاس ہی نے یسوع مسیح کو اِ س بات سے آگاہ کیاکہ ”یہاں ایک لڑکا ہے جس کے پاس جَو کی پانچ روٹیاں اور دو مچھلیاں ہیں۔مگر یہ اِتنے لوگوں کے لئے کیا ہیں؟“(مقدس یوحنا 9-8:6)۔
یسوع مسیح کے آسمان پر جانے کے بعد مقدس اِندریاس نے کلامِ مقدس کی تبلیغ اور اِنجیلی بشار ت کے لئے یونان اور ایشیاء مائنر کا رُخ کیا۔ ایک غیر قوم میں جا کر اپنے آقا یسوع مسیح کی اِنجیل کا پرچار کیا۔ اور اُن میں مسیحیت کیا بیج بویا۔یہاں پر اِنہیں یسوع مسیح کی خاطربہت سی اِیذائیں بھی جھیلنی پڑی۔ آپ پر اِتنے مظالم ڈھائے گئے یہاں تک آپ کا مکان جہاں پر آپ قیام پذیر تھے،جلا دِیا گیا۔ اور آپ کو بھیڑیوں، شیروں اور ریچھوں کے درمیان رہنے پر مجبور کیا گیا۔ یہاں تک کہ پطراس(یونان کا شہر) میں بتوں کے آگے قربانی چڑھانے کے لئے کہا گیا پھر کوڑھوں کی مار کھانے اور خود کی قربانی دینے کے لئے بھی کہا گیا۔ جس پر آپ نے اپنی درخواست ظاہر کی کہ اُنہیں بھی اُن کے بھائی کی طرح صلیب دِی جائے۔ جس طرح اُس کے بھائی پطرس نے اُلٹی صلیب کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اِسی طرح اُسے بھی اپنے اُستاد مسیح یسوع کی طرح سیدھی نہیں بلکہ ایکس (X)شکل میں صلیب دی جائے۔ کہا جاتا ہے کہ آپ تین دِن تک صلیب پر یوں ہی رسیوں سے بندھے رہے۔ حالتِ جانکنی میں بھی آپ کلام ِ خدا لوگوں کو سُناتے رہے۔ اور آخر کار 60خ۔س میں اپنی جان خداکے ہاتھوں میں سونپ کر یسوع مسیح سے جا مِلے۔
آپ کی وفات کے بعد پطراس(یونان کا شہر) میں ہی آپ کو سپر دِ خاک کیا گیا۔چوتھی صدی مقدس رگولس جو کہ ایک یونانی راہب تھا۔اْسے رویا میں فرشتے سے آگاہی ملی اور مقدس اِندریاس کے بقیہ جات کی ذمہ داری سونپی گی۔ اِس کے کچھ دیر بعدقسطنطائن بادشاہ  کے حُکم سے مقدس اِندریا س کے جسم کے بقیہ جات کو اِستنبول میں منتقل کردِیا گیا۔ 1461خ۔س میں روم میں ویٹیکن سٹی میں مقدس اِندریاس کی ہڈیوں کو منتقل کیا گیاجبکہ 1964خ۔س میں پوپ پال ششم نے یونان کے شہر پطراس میں موجود یونانی آرتھوڈکس کلیسیاء کو مقدس اِندریاس کے تبرکات سونپ دِیے۔ اور آج بھی مقدس اِندریاس پطراس میں مدفن ہے۔ 
آ پ سکوٹ لینڈ،بربادوس،جو رجیا،یوکرائین،روس،یونان،قپرس،رومانیا،پاترا،سرزانہ،ماہی گیروں،موسیقاروں،گلوکاروں،حاملہ عورتوں،قصائیوں اورکھیتوں میں کام کرنے والوں کے مربی ہیں۔ آج بھی آپ کو عزت و قدر کی نِگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ آپ سفارشات طلب کی جاتی ہیں۔ آپ تمام مسیحیوں کے لئے مشعلِ راہ اور نیک نمونہ ہیں۔ 
آئیں ہم بھی خداوند یسوع مسیح کے اِس بہادر اور جرأ ت مند شاگرد کا نمونہ لیتے ہوئے مسیح یسوع کی راہوں پر چلیں۔ مقد س اِندریاس کی طرح ہم بھی یہی کہیں کہ ہم نے ماشیح یعنی المسیح کو پا لیاہے۔ یسوع مسیح کو اپنی زندگیوں میں آنے دیں اور اُسے کام کرنے دیں۔ کلامِ خدا کی تشہیر کے لئے ہر دَم پیش پیش رہیں۔ یہاں تک کہ مقدس اِندریاس کی طرح اگر ہمیں یسوع مسیح کی خاطر شہید اور ذلیل بھی ہونا پڑے تو ہم خوشی سے اپنی جان مسیح یسوع کے لئے قُربان کر دیں۔مقدس اِندریاس کی مانند اچھے شاگرد ہونے کی مثال بنیں۔آمین

Daily Program

Livesteam thumbnail