کیتھولک انسٹی ٹیوٹ، سینٹ جوزف کیتھیڈرل لالکورتی میں، سلسلہ وار بائبل اسٹڈی کی گیارہویں کلاس کا انعقاد
مورخہ 21 ستمبر 2024 کو کیتھولک انسٹی ٹیوٹ، سینٹ جوزف کیتھیڈرل لالکورتی میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی رہنمائی میں، سلسلہ وار بائبل اسٹڈی گیارہویں کلاس کا انعقاد ہوا۔جس کا موضوع ”رسولوں کے اعمال کی کتاب“ تھا۔ اس کلاس کی مقرر سسٹر سوبیا ایف ایس پی تھی۔ جنہوں نے شرکا کو بتایا کو رسولوں کے اعمال کلیسیائی تاریخ کا واحد حصہ ہے جو الہام سے قلم بند کیا گیا۔ یہ کلیسیا کی اوّلین اور ابتدائی تاریخ ہے جو ایمان کے اِبتدائی زمانے کا بیان کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ کتاب نہ ہوتی تو ہمیں ابتدائی کلیسیا کی تاریخ کا قطعاً کوئی علم نہ ہوتا اور ہمیں اناجیل میں اپنے خداوند کے حالات سے سیدھے اور ایک دَم خطوط میں داخل ہونا پڑتا۔ ہم یہ جاننے سے قاصر رہتے کہ جن کلیسیاؤں سے خطاب کیا گیا ہے وہ کون ہیں اور کیسے وجود میں آئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کتاب مسیح کی زندگی اور اُس مسیحانہ زندگی کے درمیان ایک پُل ہے جس کی تعلیم خطوط میں دی گئی ہے۔
مسٹر فریاد فرانسس نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بائبل سٹڈی کا یہ سلسلہ مومنین میں ایمانی آبیاری کا باعث ہے۔انہوں نے سسٹر سوبیا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بائبل کی کتاب ”رسولوں کے اعمال“ کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی نیز شرکا کی تشریف آوری اور دلچسپی کا شکریہ ادا کیا۔