پمز ہسپتال کی مسیحی نرس رضیہ نورین کی بہادری، آتشزدگی کے دوران نومولود بچے کی جان بچا لی

مسیحی نرس رضیہ نورین
مسیحی نرس رضیہ نورین

مورخہ 26 اگست 2026کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کی مسیحی نرس رضیہ نورین نے نومولود بچوں کی نرسری میں لگنے والی ہولناک آگ کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک نومولود بچے کی جان بچا کر بہادری، فرض شناسی اور مسیحی خدمتِ انسانیت کی قابلِ تحسین مثال قائم کر دی۔پمز ہسپتال کی نومولود بچوں کی نرسری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس وقت نرسری میں 15 نومولود بچے موجود تھے۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے نرسری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی۔ایسے خطرناک حالات میں مسیحی نرس رضیہ نورین نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر جلتی ہوئی نرسری میں داخل ہو کر ایک نومولود بچے کو اٹھایا اور اسے بحفاظت باہر لے آئیں۔ بعد ازاں بچے کو اس کی والدہ کے حوالے کر دیا گیا۔ ان کی اس جرات مندانہ کارروائی نے نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری بلکہ ان کے مسیحی ایمان میں موجود محبت، رحم اور خدمت کے جذبے کو بھی نمایاں کیا۔
رضیہ نورین نے بتایا کہ وہ نرسری میں موجود بچوں کو اپنے بچوں کی طرح سمجھتی تھیں۔ وہ ان کی دیکھ بھال، دودھ پلانے، پیمپر تبدیل کرنے اور ادویات دینے سمیت ان کی ضروریات پوری کرتی تھیں۔ بچوں سے اس گہری وابستگی نے انہیں آگ کے دوران اپنی جان کی پروا کیے بغیر بچے کو بچانے پر آمادہ کیا۔
ریورنڈفادر قیصر فیروز او۔ایف۔ایم کیپ نے رضیہ نورین کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پمز ہسپتال میں بھڑکنے والی اس جان لیوا آگ سے ایک بچے کی جان بچا کر رضیہ نورین نے اپنے مضبوط مسیحی ایمان کی گواہی دی ہے۔ انہوں نے اچھے سامری کی ان اقدار کا عملی مظاہرہ کیا ہے جو زندگی کو بچانے اور اسے بحال کرنے کا درس دیتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم وزیراعظم جناب شہباز شریف کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے رضیہ نورین کی بہادری اور غیر معمولی حوصلے کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں تمغہ خدمت اور نقد انعام سے نوازا۔ یہ پاکستان میں مسیحیوں کے لیے واقعی فخر کا لمحہ ہے۔
مسیحی نرس رضیہ نورین کی بہادری کو ملک بھر میں سراہا گیا ہے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بھی ان کی جرات، فرض شناسی اور غیر معمولی بہادری کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تمغہ خدمت اور نقد انعام سے نوازا۔یہ اعزاز نہ صرف رضیہ نورین کی ذاتی بہادری کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان کی مسیحی برادری کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔ ایک مسیحی نرس کی جانب سے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک معصوم بچے کی زندگی بچانے کا یہ عمل خدمت، قربانی، ایمان اور انسانیت کی خوبصورت مثال بن کر سامنے آیا ہے۔
پمز ہسپتال کا یہ افسوسناک سانحہ کئی خاندانوں کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بنا، تاہم رضیہ نورین کی جرات نے اس المناک واقعے میں امید اور انسانیت کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ ان کا یہ اقدام یاد دلاتا ہے کہ حقیقی ایمان صرف الفاظ تک محدود نہیں رہتا بلکہ ضرورت کے وقت دوسروں کی جان بچانے اور ان کی خدمت کرنے سے عملی طور پر ظاہر ہوتا ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail
Urdu Survey Popup