پاکستان کی ثقافتی، سماجی اور اقتصادی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر
مورخہ 25دسمبر 2024کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوز ف ارشد کے ہمراہ راولپنڈی۔ اسلام آباد ڈایوسیس کے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا۔اس تقریب میں بشپ آزاد مارشل بشپ آف چرچ آف پاکستان،کاہن صاحبان سسٹرز صاحبات اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
جنرل عاصم منیر نے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی ثقافتی، سماجی اور اقتصادی ترقی میں مسیحی برادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے انہیں ”قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہے“ قرار دیا۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار خیر سگالی،ہمدردی، مساوات اور مذہبی رواداری کے اْن اصولوں کی یاد دہانی کرواتا ہے جو پاکستانی معاشرے کو آپس میں جوڑے ہوئے ہے۔انہوں نے بانی پاکستان، قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد کا ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا وژن قوم کی تعمیر کے لیے ایک لازوال خاکہ ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ، آئیے ہم پاکستان کو قائد کے تصور کردہ پرامن اور خوشحال ملک میں تبدیل کرنے کے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔