پاکستان کا اتحاد ہی اس کی اصل طاقت ہے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد
مورخہ 11اگست 2025کو ایوانِ صدر اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ اہتمام یوم ِ اقلیت منایا گیا۔
یوم اقلیت کے اس اہم موقع پر فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے بھی دوسرے مذہبی راہنماؤں کے ہمراہ شرکت کی۔بشپ جی نے اپنے خطاب میں ملک کی تعمیر و ترقی میں مذہبی اقلیتوں کے گراں قدر کردار کو تسلیم کرنے پر حکومت پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس دن کو منانے والی تمام برادریوں کو پرتپاک مبارکباد پیش کی، جو بانیِ قوم، قائداعظم محمد علی جناح کے ایک جامع اور ہم آہنگ پاکستان کے وژن کی یاد دلاتا ہے۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشدنے تعلیم، صحت، مسلح افواج، سماجی خدمات اور بین المذاہب مکالمے کے شعبوں میں اقلیتی برادریوں کے تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا اتحاد ہی اس کی اصل طاقت ہے۔
اپنے پیغا م کے اختتام پر انہوں نے پاکستان کی ترقی، امن اور ملک میں بسنے والی تمام برادریوں کے درمیان رشتوں کی مضبوطی کے لیے دْعا کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بلا تفریق مذہب، ذات پات، نسل یا رنگ کے مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
ہم خوشحال پاکستان کی تشکیل کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
آخر میں تمام مذہبی اور سیاسی راہنماؤں نے مل ِ کر کیک کاٹا۔
Daily Program
