پاکستانی کیتھولک بشپ صاحبان کا ویٹی کن اور روم کا اہم دورہ:پاپائے اعظم لیو چہاردہم سے خصوصی ملاقات
مورخہ 8 مئی 2026کوفضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد(بشپ آف اسلام آباد۔راولپنڈی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کیتھولک بشپ کانفرنس کے اراکین 11 سے 16 مئی 2026 تک روم اور ویٹی کن کا اہم دورہ کریں گے،، جہاں ان کی پوپ لیو چہاردہم سے خصوصی ملاقات بھی ہو گی۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے بتایا یہ ”ایڈ لیمنہ“ دورہ ہر پانچ سال بعد منعقد کیا جاتا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے کیتھولک بشپ صاحبان اور پاپائے اعظم کے درمیان کلیسیائی اتحاد، باہمی رابطے اور روحانی تعلق کو مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران پاکستانی بشپ صاحبان ویٹی کن کے مختلف اداروں اور شعبہ جات کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان میں کلیسیا کی موجودہ صورتحال، مسیحی برادری کو درپیش مسائل، چرچ کے انتظامی امور، پاسبانی سرگرمیوں اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشدنے مزید کہا کہ پاکستان کے ہر بشپ نے اپنے متعلقہ ڈایوسس کی صورتحال پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پہلے ہی ویٹی کن ارسال کر دی ہے، تاکہ پاپائے اعظم پاکستان میں چرچ کی موجودہ حالت اور خدمات سے مکمل طور پر آگاہ ہو سکیں۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے بتایا کہ 15 مئی2026 کو پاکستانی بشپ صاحبان کی پوپ لیو چہاردہم سے اجتماعی ملاقات ہوگی، جبکہ وفد روم کے اہم تاریخی گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات میں بھی شرکت کرے گا۔
آخر میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے تمام مومنین سے اپیل کی کہ وہ اس دورے کی کامیابی، پاکستان میں کلیسیا کی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔