نرسنگ کا پیشہ مسیحی خدمت کی بہترین مثال ہے۔فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس
مورخہ 9 دسمبر 2025 کوبشپ ہاؤس لاہور میں لٹن مہم کے سلسلے میں بیچلر آف سائنس ان نرسنگ (BSN) کے سٹوڈینس میں اسکالرشپس کی تقسیم کی گئی۔ اس اسکالرشپ پروگرام کا مقصد نہ صرف نرسنگ کے شعبے میں پڑھنے والے نوجوانوں کی مالی معاونت کرنا ہے بلکہ ان میں تعلیمی لگن پیدا کرنا، مستقبل کے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو مضبوط بنانا اور مسیحی کمیونٹی کے اندر خدمت، ہمدردی اور مشنری روح کو مزید فروغ دینا بھی ہے۔
اس تقریب کے آغاز میں طلبہ طالبات کی تعلیم، خدمتِ انسانیت اور مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے خصوصی برکت کی دْعائیں کی گئیں۔فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے اپنے خطاب میں کہا کہ نرسنگ کا پیشہ مسیحی خدمت کی بہترین مثال ہے، جو محبت، قربانی اور انسانیت کی عملی تعبیر ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اسکالرشپس نہ صرف مالی سہارا فراہم کرتی ہیں بلکہ نوجوانوں کے اندر یہ احساس بھی بیدار کرتی ہیں کہ چرچ ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی کامیابی کا خواہاں ہے۔
اس تقریب کے مقررین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنڈز کا یہ تعاون سٹوڈینس پر سے مالی دباؤ کم کرے گا اور وہ مزید محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گے۔ تمام بچوں کے والدین نے بھی آرچ ڈایوسیزآف لاہور کی جانب سے اس سکالرشپ پر تمام منتظمین کاشکریہ ادا کیا۔