عزت مآب بشپ خالد رحمت (او۔ ایف۔ایم کیپ) کی کاہنانہ زندگی کی سلور جوبلی کے موقع پُروقار تقریب کا انعقاد
مورخہ 27اگست 2025 کو کوئٹہ وکیریٹ میں عزت مآب بشپ خالد رحمت (او۔ ایف۔ ایم کیپ) کی کاہنانہ زندگی کے پچیس سال مکمل ہونے پر شاندار سلور جوبلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سنڈے سکول کے بچوں نے ٹیبلو کے ذریعے آئے ہوئے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اس کے بعد فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس،فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد،عزت مآب بشپ خالد رحمت (او۔ ایف۔ ایم کیپ)،کیپوچن برادری کے سردارِ اعلیٰ ریورنڈ فادر اعجاز بشیر(او۔ ایف۔ ایم کیپ)،آرڈر آف میری اوبلیگیشن کے سپیر ئیرریورنڈ فادر بشارت (او۔ایم۔آئی) کو دستار اور مالا پہنا کر،جبکہ دیگر فادر صاحبان کو اجرک اور مالا پہنا کر خوش آمدید کہا گیا۔شکرگزاری کے اس موقع پر پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی جس کی قیاد ت عزت مآب بشپ خالد رحمت (او۔ ایف۔ ایم کیپ) نے کی جبکہ معاونت فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس اور فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشدنے فرمائی۔دورانِ وعظ ریورنڈ فادر کلارنس حیات ((او۔ ایف۔ ایم کیپ)نے کہا کہ عزت مآب بشپ خالد رحمت (او۔ ایف۔ ایم کیپ)نے اپنی زندگی کو کیپوچن روحانیت کے تحت خدا اور انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کیا ہے۔ اْن کی راہبانہ زندگی سے وابستگی کا آغاز ایک سادہ، مگر پُراثر عہد سے ہوا جو وقت کے ساتھ ساتھ ایمان، لگن اور بے لوث خدمت میں مزید مضبوط ہوتا چلا گیا۔ بطور کیپوچن انہوں نے غریبوں، مظلوموں اور پسے ہوئے لوگوں کی خدمت کو ہمیشہ اپنی ترجیح بنایا۔انہوں نے کہا بشپ جی آپ کی سلور جوبلی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ کیپوچن ہونا دراصل ایک خاندانی رشتہ ہے اور اس خاندانی رشتے میں سب کچھ عاجزی،بھائی چارے اورخدمت میں جْڑا ہے۔فادر موصوف نے کہا کہ بشپ خالد کیپوچن فرانسسکن راہب ہونے کی حیثیت سے غریبوں کے بھائی اور باپ ہوتے ہوئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔غریب اور ضرورت مند اْنکے دل کے قریب ہیں۔اصول پسندی اور نظم و ضبط اْنکی پہچان ہے۔اپنے پیغام کے اختتام میں فادر موصوف نے کہا کہ خدا کرے بشپ جی ایسے ہی خدا کے تاکستان میں اْس کے لوگوں کی خدمت کرتے رہیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس نے کہاکہ کوئٹہ مشن جغرافیائی طور پر ایک مشکل مشن ہے۔علاقے بہت دْور دْور اور راستے بہت خطر ناک ہیں۔ایسے مشکل مشن کیلئے خدا نے بشپ خالد رحمت کی صورت میں
ایک مضبوط رہنمادیا ہے اور وہ بہت اچھے طریقے سے اِس مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔یاد رہے کہ کوئٹہ مشن کو کراچی اور حیدرآبادسے الگ کر کے نئی ڈایوسیس بنانے کا خواب فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس نے دیکھا اور اسے عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد نے کہاکہ بشپ خالد بہت ذمہ دار،محنتی اور حلیم راہنماہیں۔بشپ کانفرنس کی طرف سے اْنھیں جو بھی ذمہ داری دی جاتی ہے،اسے وہ مکمل وفاداری سے نبھاتے ہیں۔اْنکی قیادت میں کوئٹہ کی کلیسیاء بہت ترقی کر رہی ہے۔
عزت مآب بشپ خالد رحمت(او۔ایف۔ایم کیپ)نے اظہار تشکرادا کرتے ہوئے تمام مہمانوں،کاہنانہ برادری اورسسٹرز صاحبات کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے سلور جوبلی کی اِس تقریب کا بڑی محبت اور محنت کے ساتھ تیاری کی نیز بے پناہ خوشی کا اظہار کیا۔
Daily Program
