سسٹر جینین جینز (ڈی۔ایچ۔ایم) نے ابدی زندگی کیلئے اپنا زمینی سفر مکمل کر لیا۔
یہ خبر نہایت افسوس کے ساتھ بیان کی جاتی ہے کہ 31مارچ 2025کوسسٹر جینین جینز (ڈی۔ایچ۔ایم) نے ابدی زندگی کیلئے اپنا زمینی سفر مکمل کر لیا۔ پاک ماس کی اقدس قربانی کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے فرمائی۔دوران وعظ بشپ جی نے ڈا ٹر آف دی ہارٹ آف میری کی تمام سسٹر صاحبات کے ساتھ افسوس کا اظہار کیااور سسٹر جینین جینز (ڈی۔ایچ۔ایم)کی زندگی کو خراج ِ تحسین پیش کیا۔بشپ صاحب نے کہا کہ راہبانہ زندگی میں تین چیزیں یعنی سادگی،حلیمی اور تابعداری بے حد ضروری ہوتی ہیں اور سسٹر جینین جینز نے اپنی ساری راہبانہ زندگی خدا کے ساتھ وفاداری،اپنی جماعت کے ساتھ تابعداری اور مومنین کی بے لوث خدمت کرنے میں گزاری ہے۔ وہ ابدی زندگی کیلئے خدا کے حضور ہیں اور یقینا صداقت کا تاج پائیں گی۔
سسٹر جینین جینز 1962 میں اپنا آبائی وطن بیلجیئم چھوڑ کر21برس کی عمر میں کراچی آئیں۔ سسٹر جینین بیلجیئم کی کیتھولک راہبہ تھیں جو ڈاٹر آف دی ہارٹ آف میری(DHM) کی جماعت سے تعلق رکھتی تھیں۔انھوں نے اپنی زندگی کوڑھ کے مریضوں،غریبوں،بیماروں اور پسماندہ لوگوں کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔سسٹر جینین نے اسکولوں، ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں سمیت سماجی بہبود کے مختلف منصوبوں کو قائم اور منظم کیا۔غریبوں کے لیے ان کی بے لوث خدمات اور لگن کے لیے دیگر ایوارڈز سے نوازا گیا۔سماجی بہبود اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں شاندار خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ قائداعظم ایوارڈ بھی ملا۔سسٹر جینین نے اْن کمیونٹیز پر ایک دیرپا اثر چھوڑا ہے جن کی انھوں نے خدمت کی۔اْن کی خدمات کو ہمیشہ اْمید، محبت، اور انسانیت کی علامت کے طور پر یاد کیا جائے گا۔
سسٹر جینین نے اپنی خدمات حلیمی،فروتنی اور سادگی کے ساتھ زندگی کے آخری دم تک بخوبی نبھائی اور بلا شبہ وہ خداوند کے اْس وعدے کی سچی تصویر ثابت ہوئیں کہ ”جان دینے تک وفادار رہ تو میں تجھے زندگی کا تاج دونگا“۔
سسٹر جینین جینز (ڈی۔ایچ۔ایم) کے جنازے کی رسوما ت فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل کراچی میں اداکی۔ سسٹر جینین جینز (ڈی۔ایچ۔ایم) کی آخری رسومات میں کاہن صاحبان،سسٹرز صاحبات،مناد صاحبان اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Daily Program
