ریڈیو ویریتاس ایشیاء اْردو سروس کی سالانہ لسنرز کانفرس کا انعقاد

مورخہ 23نومبر 2025 کو لوئلہ ہال۔لاہور میں ریڈیو ویریتاس ایشیاء اْردو سروس کی سالانہ  لسنرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔اس پروگرام کی صدارت محترمہ کرنل نرگس نے کی جبکہ مہمان خصوصی ریورنڈ فادر ولیم بشارت (او۔ایف۔ایم۔کیپ)تھے۔محترمہ کرنل نرگس اور ریورنڈ فادر ولیم بشارت نے ریڈیو ویری تاس ایشیا اْردو سروس کے ڈائریکٹر ریورنڈفادر قیصر فیروزاورلسنرز کے ہمراہ امن کی شمع روشن کی نیز سال 2025 کے موضوع: ”امن کی کہانیاں کی بانٹیں“کی رونمائی کی۔ ملک بھر سے اس کانفرنس میں تقریباً 130 افراد نے شرکت کی۔ 
 محترمہ کرنل نرگس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کا اصل مفہوم آگے بڑھتے رہنے کا نام ہے۔ انسان ہر موڑ پر اْمید کے سہارے سفر جاری رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنسدان ایڈیسن اور اس کی ماں کی حقیقی داستان اْمید کی روشن دلیل ہے۔وہ ماں جس نے اپنے بیٹے کے تعلیمی مشکل حالات میں اْس کا ساتھ نہ چھوڑا، نہ خود مایوس ہوئی اور نا ہی اپنے بیٹے کو اپنے الفاظ سے مایوس کیا بلکہ اْس نے اْسے اپنے الفاظ سے اْمید دلائی کیونکہ اْسے اْمید تھی کہ ایک دن اْس کا بیٹا دنیا میں اپنی پہچان بنائے گا۔اور یونہی ہوا کہ اْس کا بیٹا  جسے سکول سے نالائق کہہ کر نکال دیا گیا،کئی ایجادات کا موجد بنا۔  انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح دنیا کی ہر ماں اور باپ اپنی اولاد کو محبت، محنت اور قربانیوں سے پروان چڑھاتے ہیں۔ وہ دن رات اس اْمید میں جیتے ہیں کہ ان کے بچے نہ صرف اپنی زندگیاں سنواریں گے بلکہ بڑھاپے میں ان کے لئے سایہ، سہارا اور باعثِ فخر بھی بنیں گے۔ والدین کی یہ اْمید ہی دراصل نسلوں کا رشتہ جوڑتی ہے اور زندگی کو آگے بڑھنے کی قوت دیتی ہے۔آخر میں انہوں نے کانفرنس کی کامیابی پر ریورنڈ فادر قیصر فیروز  اور سٹاف کو مبارکبادپیش کی۔
ریورنڈ فادر ولیم بشارت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مقدس پولوس رسول نے  قرنتھیوں کی کلیسیا کے نام خط میں لکھا کہ ایمان، اُمید اور محبت تینوں دائمی ہیں اور انہی پر مسیحی ایمان کی بنیاد استوار ہے۔ پوپ فرانسس نے بھی 2025 سال بعد اسی الہامی حقیقت کو پھر سے یاد دلایا ہے تاکہ ہم سب کے دلوں میں خدا کی طرف سے عطا کی گئی اُمید تازہ رہے۔اُمید ایک نور ہے۔اس نور کو بجھنے نہ دیں۔چنگاریاں ابھی باقی ہیں اور یہ خدا کے فضل سے ابھی تک دھک رہی ہیں۔انہیں ہم آہنگی اور محبت کی ہوا دینے کی ضرورت ہے، تاکہ یہ روشنی اْمیدکاشعلہ بن کر ہمارے دلوں منوّر کرتی رہے۔
 ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے پروگرام کا تعارف پیش کرتے ہوئے تمام مہمانانِ گرامی کو فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی جانب سے خوش آمدید کہا نیز سالِ رواں کے موضوع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یسوع مسیح ہماری زندہ اْمید ہے۔ وہ اْمید جو تاریکی میں روشنی بن کر اُبھرتی ہے اور ٹوٹے دلوں کو سنبھالنے کی قوت دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مقدس پولوس رسول نے بھی اپنے زمانے کے نااُمید اور شکستہ لوگوں میں نئی روح پھونکی، ان کے اندر یقین جگایا کہ خدا کے ساتھ جڑے رہنے والا کبھی تنہا نہیں رہتا۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کا ہر گوشہ کسی نہ کسی اْمید سے روشن رہتا ہے۔کسان اچھی فصل کی اْمید پر سخت گرمی، برسات اور سردی برداشت کرتا ہے،مالی کھلتے پھولوں کی اْمیدپر ہر کلی کا خیال رکھتا ہے اور نوجوان روشن مستقبل کی اْمید کے ساتھ جدوجہد کرتے ہیں۔اس لیے اْمید کا دامن کبھی نہ چھورڑیں لبکہ دوسروں میں اْمید کی کہانیاں بانٹنے والے بنیں۔
بعد ازاں ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے پاپائے اعظم فرانسس کے عالمی یومِ ابلاغیات کے پیغام کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ 
پاپائے اعظم نے نا صرف ہم سب کو پْر اْمید رہنے کی دعوت دی ہے بلکہ وہ کہتے ہیں کہ فروتنی اور نرم دلی سے اْس اْمید کو دوسروں میں بانٹیں جو آپ کے دل میں ہے۔اور ایسے مزاحم پھول بنیں جو بنجر زمیں میں کھل کر زندگی اور اْمیدکا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زندگی دینے والے الفاظ کا انتخاب کریں۔ فادر موصوف نے مزید کہا کہ انسان صرف کپڑا ہی نہیں بنتا بلکہ کہانیاں بھی بْنتا ہے اور یہ کہانیاں ہم پر اثر انداز ہوتی اور ہمارے رویوں کو متاثر کرتی ہیں۔ منفی کہانیوں کی مدت کم ہوتی ہے جبکہ زندگی دینے والی کہانیاں اور کردار ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔اس لیے دوسروں کے لیے ایسی اْمید بنیں جو انہیں نئی زندگی دے۔
جناب لیاقت علی اعوان(لسنر) نے کہا کہ ریڈیو ویریتاس کی آواز ہمیں اْمید کا پیغام دیتی ہے۔ہم سامعین کے لیے یہ نشریات اْمید کی ایک کرن ہے۔امید کا چراغ تب بھی جلتا رہتا ہے جب حالات تھکا دیتے ہیں اور ریڈیو ورِیتاس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں تھکنا نہیں ہے بلکہ پْر اْمید رہتے ہوئے آگے بڑھتے رہنا ہے۔
شفاقت علی باجوہ  (لسنر)نے  اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا  آر۔وی۔ اے  اْردو سروس سے گہرا اور پْرانا رشتہ ہے۔یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کا ہر پیغام اور ہر دْعا، ہمارے دلوں میں نئے حوصلے کی لہر جگا دیتا ہے۔
محترمہ کرنل نرگس نے ریورنڈ فادر ولیم بشارت، ریورنڈفادر قیصر فیروز اورلسنرز کے ہمراہ تشہیری مواد (نیوزلیٹر،پین،کی چین،ماحول دوست بیگز اور مگ)کی اپنے دستِ مبارک سے رونمائی کی اور تمام شرکا میں تحائف اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔
 مومن پور کی کوائرنے اَمن اور اْمید کے دلفریب گیت گا کر پروگرام کی رونق کو دوبالا کر دیا۔
کانفرنس کے موقع پرمحترمہ کرنل نرگس، ریورنڈ فادر ولیم بشارت، ریورنڈفادر قیصر فیروز اورلسنرز نے مل کر کیک کاٹا۔
 کانفرنس کے اختتام پر فادر قیصر فیروز کے محترمہ کرنل نرگس،ریورنڈ فادر ولیم بشارت اور تمام مہمانانِ گرامی کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم سب ملکر آر۔وی۔اے اْردو سروس کی کہانی لکھ رہے ہیں۔آئیے آج یہ عہد کریں کہ آر۔وی۔اے کے نیٹ ورک کو باہمی رابطہ کے ذریعے اْمید کی کہانیاں بانٹنے کا وسیلہ بنائیں گے۔ اس کانفرنس میں نظامت کے فرائض مِس ثنا ء جارج نے ادا کیے۔
ریڈیو ویری تاس ایشیا اردو سروس کے زیرِ اہتمام ہر سال منعقد ہونے والی لسنرز کانفرنس، سامعین اورریڈیو ویری تاس ایشیا کے درمیان مضبوط تعلق، باہمی احترام، فکری ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی ایک روشن مثال ہے۔ 

Daily Program

Livesteam thumbnail